Live Updates

غزہ کے 94 فیصد ہسپتال تباہ ہوچکے ہیں ، عالمی ادارہ صحت

غزہ کے 36 ہسپتالوں میں سے صرف 19 کام کررہے ہیں، رپورٹ

جمعہ 23 مئی 2025 12:26

غزہ کے 94 فیصد ہسپتال تباہ ہوچکے ہیں ، عالمی ادارہ صحت
جنیوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2025ء)عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)نے کہا کہ اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں غزہ کے تمام ہسپتالوں میں سے 94 فیصد کو نقصان پہنچا یا وہ تباہ ہوچکے ہیں اور غزہ کے شمالی حصے میں زخمیوں ، بیماروں اور بھوک سے متاثرہ افراد کو کسی بھی قسم کی طبی امداد کی فراہمی بند ہو چکی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غزہ کے 36 ہسپتالوں میں سے صرف 19 کام کر رہے ہیں، جن میں وہ ہسپتال بھی شامل ہے جو ہسپتال کے اندر موجود باقی مریضوں کو بنیادی دیکھ بھال فراہم کر رہا ہے۔

باقی ماندہ ہسپتال سپلائی کی شدید قلت ،عملے کی کمی، مسلسل عدم تحفظ اور اموات میں اضافے کا سامنا کر رہے ہیں اور بچا کھچا عملہ ناممکن حالات میں کام کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

غزہ کی پٹی کے تمام ہسپتالوں میں سے کم از کم 94 فیصد تباہ ہو چکے ہیں ۔ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ کے مطابق 18 مارچ 2025 کو غزہ میں دوبارہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے طبی سہولیات فراہم کرنے والے مراکز پراسرائیلی فوج کے 28 حملے ریکارڈ کئے ہیں اور اکتوبر 2023 سے اسرائیلی مسلح افواج کی طرف سے کئے جانے والے ایسے حملوں کی تعداد کم از کم 697 تک پہنچ چکی ہے۔

شمالی غزہ سے طبی سہولیات کی فراہمی کے انفراسٹرکچر کا مکمل صفایا کر دیا گیا ہے۔ جنوبی غزہ کے ہسپتال زخمیوں سے بھرے پڑے ہیں۔فی الحال غزہ میں تمام ہسپتالوں میں مجموعی طور پر صرف 2000 بستر دستیاب ہیں جو 20 لاکھ سے زائد آبادی جس میں بڑی تعداد میں زخمی بھی شامل ہیں کی موجودہ ضروریات کو پورا کرنے کے لیے انتہائی ناکافی ہیں ۔اسرائیلی فوج کی مسلسل کارروائیاں اور فوجی موجودگی مریضوں تک رسائی میں بے حد مشکلات پیدا کر رہی ہے۔

اس صورت حال میں عملہ زخمیوں اور مریضوں کی دیکھ بھال سے قاصر ہے اور عالمی ادارہ صحت اور اس کے شراکت داروں کو ہسپتالوں تک رسائی حاصل نہیں رہی۔عالمی ادارہ صحت نے غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے اس مطالبے کا اعادہ کیا کہ اقوام متحدہ اور اس کے شراکت داروں کے پاس حفاظتی اقدامات کے ساتھ امداد کی فراہمی کیلئے ایک واضح، اصولی اور موثر منصوبہ موجود ہے یہ ایک ایسا نظام ہے جس نے ماضی میں کام کیا ہے اور اسے جاری رکھنے کے لیے فعال ہونا چاہیے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات