سی ٹی ڈی کی کارروائی،3 دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

جمعہ 23 مئی 2025 12:33

سی ٹی ڈی کی کارروائی،3  دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب کی میانوالی رحمانی خیل موڑکے قریب کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے۔ترجمان سی ٹی ڈی کےمطابق خفیہ اطلاع ملی کہ رحمانی خیل موڑ کے قریب دہشت گرد پولیس چوکیوں پر حملے کی منصوبہ بندی مکمل کر چکے ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی، اس دوران دہشت گردوں نے فائرنگ کردی، سی ٹی ڈی اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی،کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 3 دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے جب کہ 6 دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

سی ٹی ڈی نے عسکریت پسندوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، دو رائفلیں، گولیاں بھی برآمد کیں، دہشت گرد پولیس چوکیوں پرحملے کی منصوبہ بندی مکمل کر چکے تھے ۔

(جاری ہے)

سی ٹی ڈی کےمطابق شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب تندہی سے محفوظ پنجاب کے اپنے ہدف پر عمل پیرا ہے اور دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے متعلق کسی بھی قسم کی اطلاع کی صورت میں شہری کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی ہیلپ لائن 0800-11111 پر اطلاع دیں۔