بھکر ،ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئرآفیسر(سی اینڈٹی) کا آگاہی سیشن سے خطاب

جمعہ 23 مئی 2025 15:00

بھکر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) سی ای او محکمہ صحت و آبادی ڈاکٹر مظہر عباس بلوچ کی ہدایت پر چک نمبر 208 ٹی ڈی اے اور چک نمبر 70-A ایم ایل تحصیل منکیرہ میں بڑھتی ہوئی آبادی کے اثرات، بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ اور نوزائیدہ بچوں کیلئے ماں کے دودھ کی افادیت بارے سیشن کاانعقاد کیاگیا جس میں مجتلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

سیشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئرآفیسر(سی اینڈٹی)محمد رمضان اعوان نے کہاکہ پاکستان میں ہونیوالے مختلف سروے کے مطابق بچوں میں غذائی کمی کی صوتحال ایک توجہ طلب مسئلہ ہے ۔پیدائش کے بعد سے لے کر دوسال تک کے وقت میں بچے کی ساری عمر کی ذہنی،جسمانی صلاحیتوں کاعمل طے پاتا ہے اس 2سال کے عرصے میں بچے کیلئے سب سے اہم غذاماں کادودھ ہے۔

(جاری ہے)

پیدائش کے فوری بعد ایک گھنٹے کے اندرمائیں بچوں کو دودھ پلاناشروع کردیں۔6ماہ کی عمرتک صرف ماں کا دودھ ہی دیں۔2سال تک ماں کا دودھ اور ٹھوس غذا جاری رکھیں۔جومائیں بچوں کو دودھ پلاتی ہیں ان میں ہڈیوں کے درد میں کمی،چھاتی کے سرطان ،بلڈپریشر ہونے کے امکان ،دل کے امراض ،ذیابطیس اورموٹاپے کے رجحان میں کمی واقع ہوتی ہے۔بچوں میں شرح اموات میں خاطرخواہ کمی،اسہال ،نمونیا،کان کی بیماریوں،الرجی،دمہ،شوگر جیسی بیماریوں کے خلاف ماں کا دودھ ڈھال ہے۔

جومائیں بچوں کو 2سال دودھ پلاتی ہیں یہ عمل اولاد میں قدرتی وقفے کا ذریعہ بھی ہے۔اپنے خاندان کی خوشحالی کیلئے بچوں کی تعداد اپنے وسائل کے مطابق رکھیں ۔ شادی سے پہلے تھیلیسیمیا، ہیپاٹائٹس اور دیگر بیماریوں کو بچوں میں منتقل ہونے سے بچاو کیلئے ٹیسٹ کروانا بہت ضروری ہے تاکہ صحتمند خاندان کا وجود یقینی بنایا جا سکے۔سب شرکاء سے درخواست کی گئی کہ محکمہ صحت و آبادی کی آگہی مہم میں ساتھ دیں تاکہ ایک صحتمند خوشحال معاشرے کا وجود ممکن ہو۔\378