ایبٹ آباد، توہین رسالت کے ملزم کو عمر قید،2لاکھ روپے جرمانہ کی سزا

جمعہ 23 مئی 2025 16:04

ایبٹ آباد، توہین رسالت کے  ملزم کو عمر قید،2لاکھ روپے جرمانہ کی سزا
ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) ایبٹ آبادکی مقامی عدالت نےتوہین رسالت کے مرتکب نامزد ملزم کو عمر قید،2لاکھ روپے جرمانہ ،عدم ادائیگی کی صورت میں مزید 6ماہ قید کی سزا سنا دی۔ 12جون2023کو تھانہ کینٹ کی حدود کنج قدیم کے رہائشی شخص نے غیر شرعی اقدام کیا جس پر اہلسنت و الجماعت کے ضلعی صدر حاجی نواز خان اور حاجی ایازنے تھانہ کینٹ میں عامر شہزاد کے خلاف مقدمہ کے اندراج کےلئے درخواست دی۔

تھانہ کینٹ میں ملزم کے خلاف زیر دفعہ 295C کے تحت مقدمہ درج کر کے پولیس نے ملزم کوگرفتار کیا۔ کیس کا ٹرائل ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج VI کی عدالت میں شروع ہوا۔ 2سال کیس عدالت میں زیر سماعت رہا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججVI حسن بانو جج نے دونوں اطراف سے وکلا کے بیانات، شہادتوں اور بحث مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید ،2لاکھ روپے جرمانہ اور عدم ادائیگی پر مزید 6ماہ قید کی سزا کا حکم سنا دیا ۔

(جاری ہے)

مدعی مقدمہ کی جانب سے کیس کی پیروی عنصر حیات عباسی ایڈووکیٹ،صفدر تنولی ایڈووکیٹ جبکہ ملزم عامر شہزاد کی طرف سے آصف خان ایڈووکیٹ نے مقدمہ کی پیروی کی۔ عنصر حیات عباسی ایڈووکیٹ نے تحفظ ناموس رسالت کے ذمہ داران حاجی نواز خان، جاجی ایاز خان و دیگر کے ہمراہ کورٹ کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سزا کے خلاف پشاور ہائی کورٹ ایبٹ آباد بنچ میں رٹ دائر کرکےملزم کو سزائے موت دلائی جائے گی۔