Live Updates

پاکستانی کوچ استاد اسلم روڈا کی قومی کھیل ہاکی میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں ڈاک کے یادگاری ٹکٹ کی تقریب رونمائی

جمعہ 23 مئی 2025 17:43

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) پاکستان ہاکی ٹیم کے نامور کھلاڑی اور کوچ استاد اسلم روڈا کے قومی کھیل ہاکی میں نمایاں خدمات کے اعتراف اور ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پاکستان پوسٹ نے یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کردیا ۔اس سلسلے میں ایک تقریب رونمائی فیصل آباد جی پی او کے زیر اہتمام منعقد ہوئی۔ جس کا افتتاح چیف پوسٹ ماسٹر عفت اسحاق نے کیا ۔

چیف پوسٹ ماسٹر عفت اسحاق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یادگاری ٹکٹوں کے اجراء کا مقصد مختلف شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی سرانجام دینے والوں کی حوصلہ افزائی اور نئی نسل میں محکمہ ڈاک کی اہمیت اجاگر کرنا بھی ہے۔انہوں نے بتایا کہ دنیا بھر میں یادگاری ڈاک ٹکٹ، کسی اہم واقعہ، خاص موضوع یا ہمہ جہت شخصیت سے منسوب کرکے اُس کی یاد میں جاری کیے جاتے ہیں جن کی ہیئت اور ڈیزائن موقع کے لحاظ سے مختلف ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ استاد اسلم روڈا پاکستانی ہاکی ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑی اور کوچ تھے جن کا تعلق ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل گوجرہ سے تھا۔انہوں نے125 سے زائد قومی و بین الاقوامی کھلاڑیوں کی ہاکی کی تربیت کی اورخطے میں خواتین کے ہاکی کے بانی بھی بنے، اسلم روڈا کے شاگردوں نے قومی ہاکی ٹیم کی بھی نمائندگی کی۔ان کے شاگردوں میں ان کے بھائی اعظم، ایم رشید، محمد اصغر، جاوید کاریگر، ظفر اور دیگر شاگردوں میں طاہر زمان، ندیم این ڈی، طارق عزیز، مرحوم گول کیپر قاسم، شہباز جونیئر، خاور جاوید، عرفان فانا وغیرہ شامل ہیں جو ایشین گیمز، ورلڈ کپ اور اولمپکس مقابلوں تک پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں بلکہ طاہر زمان نے عالمی سطح پر خود کو ایک بہترین کھلاڑی کے بعد بہترین کوچ کے طور پر بھی منوایا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی میراث ان کی اکیڈمی ان کے کھلاڑیوں اور اس کمیونٹی میں زندہ ہے جسے انہوں نے بااختیار بنایا۔انہوں نے بتایا کہ استاد اسلم روڈا ملک کے پہلے ہاکی کے کوچ ہیں جنہیں محکمہ ڈاک نے یادگاری ڈاک ٹکٹ سے نواز ہے۔تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور استاد اسلم روڈا کی قومی کھیل ہاکی کیلئے ان کی گراں قدر خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔جبکہ اس موقع پر ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر اعجاز، ڈی ایس ایم ایس ٹی قرآہ العین، ملک کے نامورر ٹکٹ ڈیزائنر وسماجی کارکن عدنان بیگ، وومن ہاکی ٹیم کی انٹرنیشنل کھلاڑی ساحل ملک اور طیبہ رانی،ہاکی کے نامور کھلاڑی اور دیگر مکتبہ فکر کی نمایاں شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات