گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی سے ملاقات

جمعہ 23 مئی 2025 19:36

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال، طورخم اور تافتان بارڈرز پر درپیش عوامی و تجارتی مسائل سمیت سی پیک سکیورٹی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر آفس کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران گورنر نے خیبر پختونخوا بالخصوص ڈیرہ اسماعیل خان کی حدود میں بدامنی اور اغواء کی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ ان واقعات سے نہ صرف سکیورٹی خدشات بڑھ رہے ہیں بلکہ ترقیاتی کاموں میں بھی رکاوٹیں پیدا ہو رہی ہیں۔ گورنر نے طورخم بارڈر پر تاجروں اور عام شہریوں کو درپیش مسائل اور تافتان بارڈر پر زائرین کی مشکلات کو بھی اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ دونوں مقامات قومی و علاقائی اہمیت کے حامل ہیں اور ان پر بہتر سہولیات اور سکیورٹی کی فراہمی ناگزیر ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے یقین دہانی کرائی کہ سی پیک کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں اور طورخم و تافتان بارڈرز پر تاجروں و زائرین کو درپیش مسائل کے فوری حل کو ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے تافتان بارڈر پر زائرین کے لیے سہولیات کی فراہمی کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے گورنر کی درخواست پر پہاڑ پور تحصیل میں پاسپورٹ دفتر کے قیام کے لیے بھی فوری اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ میں جلد ہی تافتان اور طورخم بارڈر کا دورہ بھی کروں گا۔

متعلقہ عنوان :