ایل ڈی اے کی نادہندگان کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری، 138 املاک سربمہر کر دیں

جمعہ 23 مئی 2025 19:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایات پر ایل ڈی اے ٹائون پلاننگ ونگ غیرقانونی کمرشل عمارتوں، کمرشل فیس نادہندگان املاک کے خلاف متحرک ہے۔ ایل ڈی اے ٹیموں نے گزشتہ روز مختلف سکیموں اور ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریا میں آپریشن کرکے138املاک سربمہرکر دیں۔ایل ڈی اے ٹیموں نے گلبرگ، فیصل ٹائون، ایئر لائن سوسائٹی،وحدت روڈ، مصطفی ٹائون، مین یو بی ڈی کینال روڈ، گلشن راوی،جوبلی ٹائون میں آپریشن کیا۔

غیرقانونی کمرشل استعمال، کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پرگلبرگ،فیصل ٹائون میں 25املاک،ایئر لائن سوسائٹی میں 35املاک،مین یو بی ڈی کینال روڈ،گلشن راوی میں28 املاک، جوبلی ٹائون میں دو درجن سے زائد املاک سیل کر دیں۔ ٹیموں نے ریکوری آپریشن کے دوران وحدت روڈ،مصطفی ٹائون میں 26 املاک سربمہر کر دیں۔

(جاری ہے)

سیل کی گئی املاک میں نجی بینک، نجی سکول، کلینک،لیب، گراسری سٹور، ریستوران، فوڈ پوائنٹ،ہارڈ ویئر سٹور، الیکٹرک سٹور، ورکشاپ، دکانیں، دفاتر و دیگر شامل ہیں۔آپریشن چیف ٹائون پلانر ون اسد الزمان اور چیف ٹائون پلانر ٹو اظہر علی کی زیر نگرانی کیا گیا۔ڈی جی ایل ڈی اے کی ہدایت پرغیرقانونی کمرشل عمارتوں، کمرشل فیس نا دہندگان املاک کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔