کے الیکٹرک کیلئے 7 سالہ ٹیرف منظور؛ 43 ارب کے یوز آف سسٹم چارجز وصولی کی اجازت

نیپرا نے ملٹی ایئر ٹیرف میں فی یونٹ بجلی کی قیمت میں اوسطا 3.31 روپے اضافے کی اجازت دے دی

ہفتہ 24 مئی 2025 19:11

کے الیکٹرک کیلئے 7 سالہ ٹیرف منظور؛ 43 ارب کے یوز آف سسٹم چارجز وصولی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2025ء)کے الیکٹرک کے لیے 7 سالہ نیا ٹیرف منظور کرلیا گیا، جس میں کراچی کو بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کو 43 ارب روپے سے زائد کے یوز آف سسٹم چارجز ریونیو کی اجازت دے دی گئی۔نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)نے کے الیکٹرک کے لیے مالی سال 2023 سے 2030 تک کے لیے 7 سالہ ملٹی ایئر ٹیرف (Multi-Year Tariff) کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت صارفین کے لیے فی یونٹ بجلی کی قیمت میں اوسطا 3.31 روپے اضافے کی اجازت دی گئی ہے۔

نیپرا کے مطابق سال 2024-25 کے لیے کے الیکٹرک کے ڈسٹری بیوشن نظام سے 50.284 ارب روپے کی آمدنی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جب کہ 43.447 ارب روپے کی یوز آف سسٹم چارجز ریونیو کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ ان چارجز کا صارفین پر فی یونٹ تقریبا 3.30 روپے اثر متوقع ہے۔

(جاری ہے)

تاہم نیپرا کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ صارفین کے موجودہ بجلی بلوں پر کسی اضافی بوجھ کا باعث نہیں بنے گا کیونکہ ملک بھر میں یکساں ٹیرف پالیسی کے تحت صارفین سے بلوں کی وصولی جاری رہے گی۔

ریٹرن آن ایکوٹی کے حوالے سے کے الیکٹرک کی درخواست کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کمپنی نے ڈسٹری بیوشن سیکٹر کے لیے 16 فیصد ریٹرن آن ایکوٹی کی درخواست دی تھی، تاہم نیپرا نے 14 فیصد ریٹرن آن ایکوٹی کی منظوری دی ہے۔ اسی طرح ٹرانسمیشن سیکٹر کے لیے 15 فیصد کی درخواست کے مقابلے میں 12 فیصد ریٹرن آن ایکوٹی منظور کی گئی ہے۔نیپرا نے اس بات کی وضاحت بھی کی ہے کہ کے الیکٹرک کو دی گئی مالی منظوری میں کچھ تبدیلی ممکن ہے، بشرطیکہ کمپنی سرمایہ کاری کے منصوبوں پر عمل درآمد کے لیے باقاعدہ منظوری حاصل کرے۔