Live Updates

سب کو معلوم ہے بھارت پٹ چکا مگر باز نہیں آرہا، حافظ نعیم الرحمن

بھارت کو ہم نے میدان میں پیچھے دھکیلا ہے، جو بھارت کر رہا ہے وہی اسرائیل کر رہا ہے،امیر جماعت اسلامی پاکستان اسرائیل نے غزہ کی امداد بند کی ہوئی ہے، غزہ میں امداد کیلیے 30 اور کبھی 40 ٹرکس جارہے ہیں،پریس کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 24 مئی 2025 19:10

سب کو معلوم ہے بھارت پٹ چکا مگر باز نہیں آرہا، حافظ نعیم الرحمن
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2025ء)جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ سب کو معلوم ہے بھارت پٹ چکا مگر باز نہیں آرہا۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بھارت کو ہم نے میدان میں پیچھے دھکیلا ہے، جو بھارت کر رہا ہے وہی اسرائیل کر رہا ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ برطانیہ میں سروے ہوا جہاں 50 فیصد لوگ اسرائیل کے خلاف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ فلسطینیوں کے لیے آگے بڑھ کر مدد کریں، ہماری پوزیشن پہلے سے زیادہ مضبوط ہوگئی ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ کی امداد بند کی ہوئی ہے، غزہ میں امداد کیلیے 30 اور کبھی 40 ٹرکس جارہے ہیں، غزہ میں لوگ بھوک اور بمباری سے مر رہے ہیں، پوری دنیا کو فلسطینیوں کیلیے کھڑا ہونے کی ضرورت ہے، پاکستان سمیت متعدد ممالک اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ایئر فورس دنیا کی مضبوط ترین ایئر فورس ہے، جنگ کے وقت قوم متحد تھی۔امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ بھارت خیبر پختونخوا میں بے امنی پھیلا رہا ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ خضدار میں دشمن نے حملہ کیا، بچوں کا کیا قصور تھا یہ کیسے لوگ ہیں جو اپنے ہی لوگوں کو نشانہ بناتے ہیں۔ حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ ان لوگوں سے بات کریں، تقسیم اور تفریق ختم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

جماعت اسلامی کے امیر نے کہا کہ تنخواہ دار لوگوں نے کیا قصور کیا ہے، ایک لاکھ 20 ہزار تک کی تنخواہ کو ٹیکس فری ہونا چاہیے، بجلی کی قیمتوں کو مزید کم اور پیٹرول کی لیوی ختم ہونی چاہیے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی کی آبادی کو ٹھیک ہی نہیں گنا گیا، شہر میں بجلی کی شدید لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، مہنگی ترین بجلی کیالیکٹرک بناتا ہے، کراچی میں دو دن سے ہوں، ہر کوئی پانی بجلی کی بات کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہری 15،15 ہزار روپے کے پانی کے ٹینکر لینے پر مجبور ہیں، کس قانون کے تحت پورے علاقے کی بجلی کاٹتے ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات