کراچی پولیس کے سابق افسر نے دوران حج ایمانداری کی قابلِ تقلید مثال قائم کردی

لاکھوں روپے مالیت کی امریکی ڈالر، سعودی ریال، افغان کرنسی بیگ کے مالک کو واپس لوٹادی

ہفتہ 24 مئی 2025 19:08

کراچی پولیس کے سابق افسر نے دوران حج ایمانداری کی قابلِ تقلید مثال ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2025ء)کراچی پولیس کے سابق انسپکٹر عطا اللہ قریشی نے حج کے دوران ایمانداری کی ایک قابلِ تقلید مثال قائم کردی۔سابق پولیس افسر کو مکہ مکرمہ میںخانہ کعبہ کے طواف کے دوران ایک بیگ ملا جس میں لاکھوں روپے مالیت کی امریکی ڈالر، سعودی ریال، افغان کرنسی اور ہوٹل کا کارڈ موجود تھا۔عطا اللہ قریشی نے ہوٹل کے ایڈریس پر رابطہ کیا اور بیگ کے اصل مالک، ایک افغان حاجی، کو رقم واپس کر دی۔

(جاری ہے)

افغان حاجی نے رقم ملنے پر پاکستانی پولیس افسر کی ایمانداری کو سراہا اور دعائیں دیں۔عطا اللہ قریشی نے اس موقع پر کہا کہ وہ اللہ کے مہمان ہیں اور ان کا فرض تھا کہ بیگ کو اصل مالک تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمل انھوں نے اللہ کی رضا کے لیے انجام دیا اور اللہ کا شکر ادا کیا کہ اس نے انہیں یہ موقع دیا۔افغان حاجی نے کہا کہ وہ بیگ گم ہونے پر پریشان تھے، اب بیگ ملنے پر پاکستانی پولیس افسر کے مشکور ہیں۔یہ واقعہ نہ صرف عطا اللہ قریشی کی ایمانداری کا غماز ہے بلکہ یہ بھی ثابت کرتا ہے کہ سچائی اور ایمانداری کا راستہ ہمیشہ کامیابی کی طرف لے جاتا ہے۔