Live Updates

سہولیات کی فراہمی میں آسانی، امریکا نے شام پر عائد پابندیاں ختم کر دیں

ہفتہ 24 مئی 2025 11:59

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2025ء) امریکا نے شام پر عائد پابندیاں ختم کر دیں ۔ اردو نیوز کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ امریکی حکومت نے شام پر پابندیوں میں نرمی کے لیے پہلا قدم اُٹھاتے ہوئے خانہ جنگی کا شکار ملک کو سینکشنز سے بڑے پیمانے پر استثنیٰ دے دیا ہے، یہ استثنیٰ ’بجلی، توانائی، پانی اور صفائی کی سہولیات کی فراہمی کو آسان اور شام بھر میں زیادہ موثر انسانی امداد کی فراہمی کو ممکن بنائے گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر نےتوقع ظاہر کی ہے کہ اہم پالیسی ترجیحات پر شامی حکومت کی طرف سے فوری کارروائی کے بعد ریلیف ملے گا۔امریکا کے سٹیٹ اینڈ ٹریژری ڈیپارٹمنٹ نے 2019 میں کانگریس کی جانب سے عائد کچھ پابندیاں6 ماہ کے لیے ہٹا لی ہیں، اس اقدام کے بعد اب شام میں غیر ملکی کاروبار کر سکیں گے اور اس حوالے سے امریکی قوانین میں توسیع کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ٹرمپ انتظامیہ نے کہا ہے کہ پابندیوں کو مکمل طور پر ہٹانے کے لیے امریکی حکومت کی وسیع تر کوششوں کا صرف ایک حصہ ہیں۔شام کے شہریوں اور ان کے حامیوں نے پابندیوں میں ریلیف کا جشن منایا تاہم ان کا کہنا ہے کہ انہیں مستقل طور پر ہٹانے کی ضرورت ہے تاکہ جنگ کے بعد تعمیرِ نو کے لیے درکار اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری اور کاروبار کو محفوظ بنایا جا سکے۔یاد رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے مطالبے پر امریکی صدر نے شام سے پابندیاں ہٹانے کا اعلان کیا تھا۔امریکی صدر ٹرمپ نے ریاض میں اعلان کیا تھا کہ وہ ترکیہ اور سعودی عرب میں ان کے اتحادیوں کے مطالبے پر بشارالاسد دور کی سفاکانہ پابندیاں ہٹا رہے ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات