اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت سیالکوٹ میں گھروں کی تعمیر کا سلسلہ جاری، وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کا دورہ

ہفتہ 24 مئی 2025 16:48

اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت سیالکوٹ میں گھروں کی تعمیر کا سلسلہ ..
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2025ء) وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین نے آج سیالکوٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے "اپنی چھت اپنا گھر"پروگرام کے تحت زیر تعمیر اور مکمل شدہ گھروں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے گھروں کے مکینوں سے ملاقات کی اور ان کی آراء بھی سنیں۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اس فلاحی اقدام پر اظہار تشکر کیا اور ان کے لیے دعاؤں کا پیغام بھیجا۔

اس موقع پر کئی خاندانوں کا کہنا تھا کہ وہ کرائے کے مکانوں سے نکل کر اب اپنے ذاتی گھروں کے مالک بن چکے ہیں، جس کا سارا کریڈٹ حکومت پنجاب کو جاتا ہے۔وزیر ہاؤسنگ نے اخوت دفتر کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے درخواست گزاروں اور پروگرام سے مستفید ہونے والے افراد سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

شہریوں نے بلاسود قرضوں کی فراہمی کو حکومت پنجاب کی طرف سے ایک عظیم نیکی قرار دیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلال یاسین نےبتایا کہ گھروں کی تعمیر کے لیے 15 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے سالانہ ایک لاکھ خاندانوں کو دیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ اس سال مستحق افراد میں مفت رہائشی پلاٹس بھی تقسیم کیے جائیں گے۔وزیر ہاؤسنگ نے انکشاف کیا کہ اب تک صوبہ پنجاب میں 34 ہزار خاندانوں کو قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں اور کسی سطح پر کرپشن کی کوئی شکایت سامنے نہیں آئی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع سیالکوٹ میں 463 خاندانوں کے قرضے منظور کیے جا چکے ہیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی سے بھی ملاقات کی اور ضلعی سطح پر منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔