Live Updates

پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں ’’الماس بشیر ریسرچ اینڈ ایڈیٹوریل ‘‘آفس کا افتتاح

اس ادارے کا قیام تحقیقی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے کیلئے سنگ میل ہوگا ‘پروفیسر آصف بشیر ٹیلنٹ کی کمی نہیں ،ریسرچ کے کام کو آگے بڑھانے کیلئے خود انحصاری پر توجہ دینا ہوگی‘پروفیسر فاروق افضل

ہفتہ 24 مئی 2025 18:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2025ء) پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسز (پنز )میں قائم کیے جانے والے ’’الماس بشیر ریسرچ اینڈ ایڈیٹوریل آفس‘‘کا افتتاح کر دیا گیا جبکہ افتتاحی تقریب کی مہمان خصوصی ڈاکٹر الماس بشیر تھیں ۔ اس موقع پرایگزیکٹو ڈائریکٹر پنز پروفیسر آصف بشیر ،پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل سمیت سینئر پروفیسرز اور ہیلتھ پروفیشنلز کثیر تعداد میں موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر آصف بشیر کا کہنا تھا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز بین الاقوامی اداروں کے اشتراک سے اپنے مریضوں کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الماس بشیر ریسرچ اینڈ ایڈیٹوریل آفس کا قیام ادارے کی تحقیقی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے کے لیے ایک اہم قدم اور سنگ میل ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

پرنسپل پروفیسر اے ایم سی ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا کہ دنیا بھر میں میڈیکل کے شعبے میں ترقی کرنے والے ممالک کی بنیادی خصوصیت یہی ہے کہ انہوں نے میڈیکل ریسرچ پرزیادہ سے زیادہ توجہ دی ہے لیکن پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں لہذا ہمیں بھی چاہیے کہ دوسروں کی طرف دیکھنے کی بجائے خود انحصاری کی منزل کی جانب آگے بڑھیں جس کے لئے پیشہ وارانہ اور ہیلتھ سیکٹر کے ہر شعبے میں تحقیقی کام کو آگے بڑھانا انتہائی ضروری ہے ۔

پروفیسر ڈاکٹر آصف بشیر نے نیوروسائنسز کے شعبے میں تحقیق کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نیوروسرجری کے میدان میں پنز مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور انشاء اللہ ہمارے سرجنز اور میڈیکل پروفیشنلز اپنے ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے۔پروفیسر آصف بشیر نے اعلان کیا کہ ینگ ڈاکٹر ز اور ہیلتھ پروفیشنلز کی سہولت کے لئے ''الماس بشیر ریسرچ اینڈ ایڈیٹوریل آفس'' میں تحقیقاتی سرگرمیوں کی سہولت ہمہ وقت موجود ہوگی جس سے ڈاکٹرز مستفید ہوسکیں گے۔

میڈیا سے گفتگو میں پرنسپل پروفیسر فاروق افضل اور ای ڈی پنز پروفیسر آصف بشیر کا کہنا تھا کہ ادارے عمارتوں سے نہیں باہمی تعاون اور ٹیم ورک سے مضبوط ہوتے ہیں ، جنرل ہسپتال اور نیورو انسٹی ٹیوٹ کی انتظامیہ مریضوں کی بہتر نگہداشت اورکلینکل سروسز موثر انداز میںفراہم کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پنز کاجنرل ہسپتال کے ساتھ رشتہ یک جان دو قالب جیسا ہے جو باہمی تعاون اور فروغ کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا۔

دونوں اداروں کے سربراہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی صحت کی پالیسی پر عملدرآمد کرتے ہوئے’’ پنز‘‘و ایل جی ایچ کے مریضوں کو موثر علاج کے لئے ایک پلیٹ فارم پر ہونا ہے ،ہسپتالوں میں تمام مریضوں کو بلا تفریق بہترین خدمت ہم سب کا مشترکہ نصب العین ہے جس میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔ تقریب میں پروفیسر قاسم بشیر ، پروفیسر محسن ظہیر ، پروفیسر حافظ عبدالماجد ، پروفیسر شہزاد حسین شاہ، پروفیسر نغمانہ مظہر ،پروفیسر سائرہ بلال ،پروفیسر مدثر اسلم ،ایم ایس ڈاکٹر عمر اسحاق،نرسنگ سپرنٹنڈنٹ آسیہ خانم ، اے ایم ایس ڈاکٹر عدنان خالد ، ڈاکٹر اسد شاہ سمیت نوجوان ڈاکٹرز اور نرسز کثیر تعداد میں موجود تھیں جبکہ محققین اور طبی ماہرین کے لیے ریسرچ کے مواقع اور تربیت کے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات