Live Updates

جاپان کا نیپون گروپ پنجاب میں لیتھیئم بیٹریاں بنانے کا کارخانہ لگائے گا ،محکمہ صنعت و تجارت اور نیپون گروپ کے مابین معاہدہ

جاپان کے نیپون گروپ کی پنجاب میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہیں،مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے‘چوہدری شافع حسین

ہفتہ 24 مئی 2025 18:42

جاپان کا نیپون گروپ پنجاب میں لیتھیئم بیٹریاں بنانے کا کارخانہ لگائے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2025ء) جاپان کا نیپون گروپ پنجاب میں لیتھیئم بیٹریاں بنانے کا کارخانہ لگائے گا اس حوالے سے محکمہ صنعت و تجارت پنجاب اور جاپان کے نیپون گروپ کے مابین معاہدہ طے پاگیا۔پیسک ہاؤس میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اور نیپون گروپ کے چیئرمین مسٹر میچی ٹیک یاما موٹو نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔

معاہدے کی رو سے جاپان کا نیپون گروپ پہلے مرحلے میں لیتھیئم بیٹریوں کا اسمبلنگ پلانٹ لگانے کا۔دوسرے مرحلے میں لیتھیئم بیٹریوں کی مینوفیکچرنگ شروع ہوگی۔جاپان کا نیپون گروپ 6 ماہ میں فیکٹری کی تعمیر شروع کردے گا اور اگلے ڈیڑھ سے دو سال میں فیکٹری لیتھیئم بیٹریوں کی مینوفیکچرنگ شروع کر دے گی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جاپان کے سرمایہ کار گروپ کی پنجاب میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہیں اور جاپان کی پنجاب میں سرمایہ کاری سے مقامی لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

(جاری ہے)

نیپون گروپ کی تیار کردہ لیتھیئم بیٹریاں نہ صرف مقامی ضروریات پورا کریں گی بلکہ برآمد بھی ہوں گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے مابین تجارتی تعاون موجود ہے تاہم دوطرفہ تجارتی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں عالمی معیار کا صنعتی انفراسٹرکچر فراہم کیا گیا ہے اسی لئے چین سمیت دیگر ممالک کے سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کو ترجیح دے رہے ہیں۔

خوشی ہے کہ جاپان کے سرمایہ کار بھی پنجاب میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں مستقبل میں دو طرفہ تجارتی تعاون بڑھایا جائے گا۔ نیپون گروپ کے چیئرمین نے کہا کہ صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین کی ترقی پسند سوچ اور ویژن کی بدولت ہمارا گروپ پنجاب میں سرمایہ کاری کررہا ہے۔ہماراگروپ پنجاب میں گرین انرجی اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ میں حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہے۔ نیپون گروپ کے کنٹری مینجر علی ملک،ہیڈ آف آپریشنزمحمد نعمان اور دیگر بھی ملاقات میں موجود تھے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات