Live Updates

پورے ٹورنامنٹ میں کچھ اہم شعبوں میں ناکام رہے، شاداب خان

اہم مواقع پر وکٹیں نہ لینا اور پاور پلے میں مخالف ٹیم کو کھل کر کھیلنے دینا ہمارے لیے مہنگا ثابت ہوا، کپتان اسلام آباد یونائیٹڈ

ہفتہ 24 مئی 2025 21:15

پورے ٹورنامنٹ میں کچھ اہم شعبوں میں ناکام رہے، شاداب خان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مئی2025ء)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 سے اخراج کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے اگلے سیزن میں زبردست واپسی کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں کچھ اہم شعبوں میں ناکام رہی.قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 95 رنز سے شکست دے کر ان کا پی ایس ایل 10 کا سفر ختم کردیا۔

لاہور نے پہلے کھیلتے ہوئے محمد نعیم اور کوسل پریرا کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت 202 رنز بنائے۔کوسل پریرا نے 35 گیندوں پر 61 رنز بنائے، جب کہ محمد نعیم نے 25 گیندوں پر برق رفتار 50 رنز اسکور کیے۔ جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 15.1 اوورز میں صرف 107 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔

(جاری ہے)

اسلام آباد کی جانب سے آغا سلمان 33 اور شاداب خان 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ باقی تمام بیٹرز دہرے ہندسے میں داخل نہ ہو سکے۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شاداب خان نے اعتراف کیا کہ ہم اس پورے ٹورنامنٹ میں کچھ اہم شعبوں میں ناکام رہے، خاص طور پر اہم مواقع پر وکٹیں نہ لینا اور پاور پلے میں مخالف ٹیم کو کھل کر کھیلنے دینا ہمارے لیے مہنگا ثابت ہوا۔انہوں نے بتایا کہ الیکس ہیلز کی عدم دستیابی کے باعث محمد شہزاد کو اوپننگ کے لیے بھیجا گیا۔ ''شہزاد وائٹ بال کرکٹ میں زیادہ تر اوپننگ کرتے آئے ہیں، مگر بدقسمتی سے آج یہ فیصلہ کارگر نہ ہوا۔

شاداب نے پچز کو کھیل کے لیے موزوں قرار دیتے ہوئے کہا کہ اصل فرق مہارت اور مؤثر انداز میں پلان پر عمل کرنے کا ہوتا ہے۔شاداب خان نے کہا کہ صاحبزادہ فرحان کی پرفارمنس ہمارے لیے حوصلہ افزا رہی۔ اگرچہ ہم بحیثیت ٹیم کلیدی لمحات کو سنبھالنے میں ناکام رہے، لیکن ہم اس پر غور کریں گے، سیکھیں گے اور ان شاء اللہ اگلے سیزن میں بھرپور واپسی کریں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات