Live Updates

شاہین آفریدی پی ایس ایل پلے آف مرحلے میں سب سے زیادہ میچز جیتنے والے کپتان بن گئے

پی ایس ایل 10 کے ایلیمنیٹر 2 میں گزشتہ روز لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو باآسانی شکست دیکر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 24 مئی 2025 12:49

شاہین آفریدی پی ایس ایل پلے آف مرحلے میں سب سے زیادہ میچز جیتنے والے ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 مئی 2025ء ) لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی پی ایس ایل کے پلے آف مرحلے میں سب سے زیادہ میچز جیتنے والے کپتان بن گئے۔ 
پی ایس ایل 10 کے ایلیمنیٹر 2 میں گزشتہ روز لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو باآسانی شکست دیکر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، یہ شاہین آفریدی کی بطور کپتان پی ایس ایل کے پلے آف مرحلے میں چھٹی کامیابی تھی جو کسی بھی کپتان کی اس مرحلے میں سب سے زیادہ کامیابیاں ہیں۔

 
پشاور زلمی کے سابق کپتان ڈیرن سیمی 5 کامیابیوں کے ساتھ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ 
سرفراز احمد (کوئٹہ گیڈی ایٹرز)، شاداب خان (اسلام آباد یونائیٹڈ) اور محمد رضوان (ملتان سلطانز) 4،4 کامیابیوں کے ساتھ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔

(جاری ہے)

 

واضح رہے کہ پی ایس ایل 10 کے دوسرے ایلیمینیٹر میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 95 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

 
قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے ناک آؤٹ مقابلے میں یونائیٹڈ کی ٹیم 16 ویں اوور میں 107 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔ سلمان آغا 33، کپتان شاداب خان 26، جیمی نیشم 8، عماد وسیم 8، وین ڈر ڈوسین 7، ٹائمل ملز 7، حیدر علی 4، صاحبزادہ فرحان 3 جبکہ نسیم شاہ اور محمد شہزاد بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ 
قلندرز کی جانب سے کپتان شاہین شاہ آفریدی، سلمان مرزا اور رشاد حسین نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

 
اس سے قبل لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز اسکور کیے۔ 
قلندرز کی جانب سے کوشل پریرا 61 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ محمد نعیم 50، عبداللہ شفیق 25، بھانوکا راجاپکشا 22، آصف علی 15، فخر زمان 12 جبکہ شکیب الحسن بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ رشاد حسین 5 اور کپتان شاہین شاہ آفریدی 0 رن پر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ٹائمل ملز نے 3، سلمان ارشاد نے 2 جبکہ عماد وسیم اور جیمی نیشم نے 1، 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 
لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان فائنل 25 مئی بروز اتوار کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
Live پی ایس ایل 10 سے متعلق تازہ ترین معلومات