پشین ،14 روز قبل اشتہاری ملزمان سے مقابلے میں زخمی ہونیوالالیویز اہلکار زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا

ہفتہ 24 مئی 2025 21:15

پشین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2025ء) پشین میں 14 روز قبل لیویز اور اشتہاری ملزمان کے مابین مبینہ مقابلے میں لیویز کی فائرنگ سے زخمی محمد رفیق کے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ،ورثاء نے ڈپٹی کمشنر آفس پشین کے سامنے لاش کے ہمراہ احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دے دیا ،تفصیلات کے مطابق دس مئی کو ضلع پشین کے بی ایریا تحصیل حرمزئی کے علاقے ابراہیم زئی میں لیویز اہلکاروں اور دو اشتہاری ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں دو اشتہاری اور ایک لیویز اہلکار شبیر احمد زخمی ہونے کے علاؤہ ایک راہگیر بھی زخمی ہوا تھا لیویز اہلکار اور راہگیر کو سول ہسپتال پشین سے کوئٹہ ریفر کر دیا گیا جب کہ زخمی اشتہاریوں کو پشین سول ہسپتال میں داخل کیا گیا جس میں ایک زخمی محمد رفیق گزشتہ روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہارگیا، ان کے ورثاء نے ہفتے کو بطور احتجاج ڈپٹی کمشنر پشین کمپلیکس کے سامنے لاش کے ہمراہ مظاہرہ کرتے ہوئے دھرنا دیا، اس موقع پر جمعیت علماء اسلام کے ضلعی امیر سابق ایم این اے مولانا صاحبزادہ کمال الدین، ضلعی سیکرٹری اطلاعات ملک باز محمد کاکڑ، مرکزی انجمن تاجران پشین کے ضلعی صدر ملک بہادر خان ملیزئی، انجمن تاجران رحیم آغا گروپ کے ضلعی صدر دولت خان ترین، انجمن تاجران و دکانداران کے ضلعی صدر نصیب اللہ کلیوال، حاجی عبدالظاہر کاکڑ۔

(جاری ہے)

حاجی عبدالمصور پہلوان اور احتجاجی مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ڈب کراس لیویز فورس کے انچارج اور چار لیویز فورس کے اہلکاروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا جائے انہوں نے کہا ہے کہ لیویز فورس پشین ڈب کراس کے انچارج اور چار لیویز اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا، اسسٹنٹ کمشنر پشین نعمت اللہ ترین اور ایس ڈی پی او پشین ڈی ایس پی عبدالمناف خان اچکزئی نے پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر احتجاجی مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کئے، مظاہرین کا موقف تھا کہ اس سے قبل لیویز فورس نے بیان جاری کیا تھا کہ دو چوروں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے آج لیویز فورس کے زمہ دار کہہ رہا ہے کہ اشتہاری ملزمان کے ساتھ لیویز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے، آخر میں اسسٹنٹ کمشنر پشین نعمت اللہ خان ترین کی یقین دہانی پر مظاہرین نے احتجاج ختم کرنے کااعلان کرتے ہوئے جان بحق نوجوان محمدرفیق کی میت ایمبولینس میں اپنے آبائی علاقہ تحصیل برشور یونین کونسل شابیزئی روانہ کردیا جہاں پر ان کی تدفین کی جائے گی۔