Live Updates

راجوری میں نوعمر لڑکی کی پراسرار موت کے خلاف احتجاجی مظاہرے

متاثرہ لڑکی کے اہلخانہ ،رشتہ داروں اور مقامی لوگوں نے بدھل کے مرکزی چوک کو بلاک کر دیا

اتوار 25 مئی 2025 14:40

جموں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میںضلع راجوری کے دور افتادہ علاقے بدھل میں ایک نوعمر لڑکی کی پراسرار موت کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے ہوئے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق 18سالہ لڑکی سونیا اختر جو عبدالغفور شیخ کی بیٹی ہیں، ایک چٹان کے نیچے مردہ پائی گئی ۔ مقامی لوگوں نے واقعے کی منصفانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

پولیس نے لاش کو اپنے قبضے میں لے لیا اور راجوری میں ڈاکٹروں کے ایک بورڈ سے پوسٹ مارٹم کرایا۔ تاہم جائے وقوعہ کے حالات نے مقامی لوگوں میں شکوک و شبہات کو جنم دیا ہے جو واقعے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ متاثرہ لڑکی کے اہلخانہ ،رشتہ داروں اور مقامی لوگوں نے بدھل کے مرکزی چوک کو بلاک کر دیا اور سونیا کے لیے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے پرامن احتجاج کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ خودکشی نہیں بلکہ ایک مشکوک معاملہ ہے ۔مظاہرین نے حکام پر زور دیا کہ مقدمے کی ترجیحی بنیادوں پر تفتیش کی جائے اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ مظاہرین نے کہاکہ ہمارا ایک سادہ مطالبہ ہے کہ موت کی وجہ معلوم کی جائے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ مقامی لوگ ماضی میں ایسے واقعات میں قریبی کیمپوں میں تعینات بھارتی فوجیوں کے ملوث ہونے کی شکایات کرتے رہے ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات