صوبہ پنجاب میں برتھ اور ڈیتھ رجسٹریشن فیس ختم

شہری یونین کونسل اور میونسپل کمیٹی میں 7 سال تک بلامعاوضہ اندراج کراسکتے ہیں

Sajid Ali ساجد علی اتوار 25 مئی 2025 16:27

صوبہ پنجاب میں برتھ اور ڈیتھ رجسٹریشن فیس ختم
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مئی 2025ء ) صوبہ پنجاب میں برتھ اور ڈیتھ رجسٹریشن فیس ختم کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں برتھ و ڈیتھ رجسٹریشن رولز 2025ء نافذ کر دیا گیا ہے، جس کے تحت پنجاب بھر میں برتھ اور ڈیتھ کی رجسٹریشن بغیر کسی فیس کے کرائی جاسکے گی، شہری یونین کونسل اور میونسپل کمیٹی میں 7 سال تک بلامعاوضہ اندراج کراسکتے ہیں، پنجاب میں برتھ اور ڈیتھ کی لیٹ رجسٹریشن پر کورٹ ڈگری کی شرط بھی ختم کردی گئی، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر برتھ اور ڈیتھ کمپیوٹرائزڈ سرٹیفکیٹ بھی مفت جاری ہوگا۔

مریم نواز کا کہنا ہے کہ شناخت ہر شہری کا بنیادی حق ہے، شہریوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنا چاہتے ہیں، سروسز کے حصول کیلئے ڈیتھ او ربرتھ ڈیجیٹل سر ٹیفکیٹ لازم ہے، برتھ اور ڈیتھ کا بروقت اندراج کرا کےشہری حقوق کا تحفظ یقینی بنا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں پنجاب میں 100 سالہ پرانا نظام ختم کرتے ہوئے محکمہ جنگلات میں اجرتوں کی ادائیگی میں شفافیت کے لیے جدید برانچ لیس بینکاری نظام نافذ کردیا گیا، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے محکمہ جنگلات میں اجرتوں کی ادائیگی میں شفافیت کے لیے جدید برانچ لیس بینکاری نظام نافذ کردیا ہے، وزیراعلی مریم نواز نے 100 سالہ پرانا نظام ختم کر کے یومیہ اُجرت پر جنگلوں میں کام کرنے والے محنتی مزدوروں کے لیے جدید، محفوظ اور باعزت ادائیگی نظام متعارف کروا دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کو اب اجرت براہ راست موبائل بینکنگ اکاؤنٹ میں ملے گی، تصدیق ایس ایم ایس اور بائیو میٹرک کے ذریعے ہوگی، شفافیت وزیر اعلیٰ پنجاب کا مشن ہے، محکمہ جنگلات کا اقدام اس وژن کی عملی تعبیر ہے ہر سرکاری ادائیگی کے نظام میں شفافیت اور انصاف کو اولین ترجیح دی جائے گی، نقدی نظام میں موجود بدعنوانی، تاخیر اور کٹوتی جیسے مسائل اب ماضی کا قصہ بن چکے ہیں، محکمہ جنگلات اور پنجاب بینک کے باہمی اشتراک سے برانچ لیس بینکاری کے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں اور محکمہ جنگلات کا یہ منفرد قدم عالمی معیار کی گڈ گورننس اور مالی شفافیت کی جانب انتہائی اہم پیش رفت قرار دیا ہے-