ماہرہ خان کو اپنی نئی فلم کے پروموشنل ایونٹ پر ہراسانی کا سامنا کرنا پڑ گیا

ہجوم میں موجود اوباش نوجوانوں نے اداکارہ کے ساتھ چھڑ خانی کی اور انہیں نامناسب انداز میں چھونے کی کوشش کی جس پر ماہرہ خان نے واضح طور پر ناپسندیدگی اور پریشانی کا اظہار کیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 26 مئی 2025 12:17

ماہرہ خان کو اپنی نئی فلم کے پروموشنل ایونٹ پر ہراسانی کا سامنا کرنا ..
لندن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مئی 2025ء ) معروف اداکارہ ماہرہ خان کو اپنی نئی فلم کے پروموشنل ایونٹ پر ہراسانی کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ماہرہ خان سے لندن میں ان کی نئی فلم ’لوو گرو‘ کے پروموشنل ایونٹ کے دوران اوباش نوجوانوں نے بدتمیزی کی اور اس دوران اداکارہ کو ہراسانی کا سامنا بھی کرنا پڑا، یہ واقعہ لندن کے علاقے الفورڈ میں واقع انڈو پاک سپر مارکیٹ میں پیش آیا جہاں ماہرہ خان اپنی آنے والی فلم ’لوو گرو‘ کے ایک پروموشنل ایونٹ میں شریک ہورہی تھیں۔

بتایا گیا ہے کہ ماہرہ خان اپنے ساتھی اداکار ہمایوں سعید کے ہمراہ ایونٹ میں شریک ہوئیں تاہم اس دوران سکیورٹی کے ناقص انتظامات کی وجہ سے ہجوم آؤٹ آف کنٹرول ہوگیا، اس موقع پر وہاں موجود چند افراد نے اداکارہ کو ہراساں کیا گیا، ہجوم میں موجود اوباش نوجوانوں نے اداکارہ کے ساتھ چھڑ خانی کی اور انہیں نامناسب انداز میں چھونے کی کوشش کی جس پر ماہرہ خان نے واضح طور پر ناپسندیدگی اور پریشانی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

                                                                       
معلوم ہوا ہے کہ دھکم پیل کے دوران ماہرہ خان انتہائی مشکل سے سٹور کے اندر داخل ہوئیں کیوں کہ وہ سٹور کی چھت پر جا کر مداحوں کو ہاتھ ہلانا چاہتی تھیں جو اس ایونٹ کا حصہ تھا، واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کو چھت سے ہاتھ ہلاتے دیکھا گیا، تاہم اس ناخوشگوار واقعے سے متعلق تاحال ماہرہ خان یا ایونٹ کے منتظمین کی جانب سے کسی بھی قسم کا ردعمل نہیں دیا گیا۔