Live Updates

قوم کی آواز بنو یا پھرایک طرف ہوجائو، آغار وح اللہ کا سیاسی قیادت کے نام دوٹوک پیغام

پیر 26 مئی 2025 16:48

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2025ء) بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط جموں وکشمیرمیں نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما اور رکن بھارتی پارلیمنٹ آغا روح اللہ مہدی نے سیاسی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں واضح پیغام دیا ہے کہ اٹھو اورقوم کی آواز بنو یاپھرایک طرف ہوجائو۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آغا روح اللہ نے ایکس پر سیاسی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئےدوٹوک پیغام میں کہااو لیڈرو!یا اٹھو اور قوم کی آواز بنو تاکہ کسی کام آسکو، یا پھر ایک طرف ہو جا، چوڑیاں پہن لو اور پالکی میں بیٹھ کر خاموشی اختیار کرو۔

اگرچہ انہوں نے اپنے پیغام میں کسی کا نام نہیں لیا تاہم مبصرین کا کہنا ہے کہ ان کا یہ طنز براہ راست ان سیاسی شخصیات کی طرف اشارہ ہے جو اہم قومی اور آئینی معاملات پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب افواہیں گشت کر رہی ہیں کہ پارٹی کی حالیہ ورکنگ کمیٹی اجلاس کے دوران روح اللہ مہدی نے واک آئوٹ کیا۔سیاسی مبصرین کے مطابق آغا روح اللہ کا یہ بیان اس بڑھتی ہوئی بے چینی اور فکری کشمکش کا مظہر ہے جو نیشنل کانفرنس کے اندر خاص طور پر ان کارکنوں میں دیکھی جا رہی ہے جو جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت، سیاسی شناخت اور خودمختاری کی بحالی کے لیے مضبوط موقف کے خواہاں ہیں۔

آغا روح اللہ پہلے بھی دفعہ370کی منسوخی کے بعد مسلسل اس بات پر زور دیتے رہے ہیں کہ کشمیر ی عوام کی سیاسی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا اور جو قیادت اس نازک وقت میں بولنے سے قاصر ہے ، اسے عوامی منڈیٹ پر قابض رہنے کا کوئی اخلاقی جوازنہیں ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات