خیبرمیڈیکل یونیورسٹی میں ریسرچ اسکالرز کے لیے تھیسس ڈیفنس کے موقع پر کھانے یا ریفریشمنٹ پر پابندی لگا دی گئی

پیر 26 مئی 2025 16:58

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2025ء) خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کےا یم یو) پشاور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے ایک اہم اقدام کے تحت ایم فل، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے تھیسس ڈیفنس یا وائوا امتحانات کے دوران ریسرچ اسکالرز پر غیر رسمی طور پر عائد لنچ یا ڈنر کی میزبانی کی روایت کو فوری طور پر ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وائس چانسلر نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ریسرچ اسکالرز کو تعلیم کے آخری مراحل میں اشاعت، طباعت اور دیگر تعلیمی تقاضوں کے باعث پہلے ہی شدید مالی دباؤ کا سامنا ہوتا ہے۔ ان حالات میں کھانے کی میزبانی جیسے غیر ضروری بوجھ کو مزید برداشت کرنا طلباء کے لیے مشکل ہوتا ہے، جو غیر موزوں اور غیر ضروری ہے۔اس فیصلے کے تحت اب کوئی بھی ریسرچ اسکالر تھیسس ڈیفنس یا وائوا کی کارروائی کے دوران کسی بھی قسم کے کھانے یا ریفریشمنٹ کا اہتمام نہیں کرے گا۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے کہا کہ یہ اقدام ایک معاون، باوقار اور مالی طور پر قابلِ برداشت تعلیمی ماحول کو فروغ دینے کے لیے اٹھایا گیا ہے جس کا مقصد مہنگائی کے اس دور میں طلباء پر پڑنے والے اضافی بوجھ کا سدباب کرناہے ۔لہٰذا تمام متعلقہ شعبہ جات اور ذمہ دار عملے کو فوری طورپرہدایت کی گئی ہے کہ اس فیصلے پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے جہاں یونیورسٹی میں سادگی ،شفافیت،میرٹ اور قناعت کا کلچر پروان چڑھے گا وہاں اس سے غریب اور متوسط طبقے کے طلباءاور ان کے والدین پرپڑنے والے غیر ضروری مالی بوجھ میں بھی کمی واقع ہوگی۔