ایس ایس پی ملیرنے انسداد پولیو مہم کے آغاز پرسکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

پیر 26 مئی 2025 17:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2025ء) ایس ایس پی ملیر لیفٹیننٹ کمانڈر (ر)کاشف آفتاب عباسی نے انسداد پولیو مہم کے آغاز پر ہسپتالوں، یوسیز اور حساس پوائنٹس کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔پیر کو ترجمان ملیر پولیس کے مطابق ایس ایس پی ملیر نے کہا کہ پولیو ٹیموں کی حفاظت کے لیے ملیر پولیس نے موثر اور متحرک سکیورٹی پلان ترتیب دیا ہے، ڈسٹرکٹ ملیر میں انسداد پولیو مہم کے دوران مجموعی طور پر 780سے زائد افسران و جوان، لیڈیز پولیس اور انٹیلیجنس اسٹاف تعینات کئے گئے ہیں، جو مربوط کوآرڈینیشن کے تحت سکیورٹی امور سرانجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے فیلڈ میں موجود پولیس افسران، اہلکاروں اور انٹیلیجنس اسٹاف کو سکیورٹی سے متعلق ضروری بریفنگ دی،پولیس کی جانب سے نہ صرف موبائل اور موٹر سائیکل گشت بڑھایا گیا ہے بلکہ اہم پوائنٹس پر اسٹینڈنگ گارڈز اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم سے بھی نگرانی کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلاتے ہوئے کہا کہ پولیو کے خلاف جنگ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور پولیس اس قومی مہم میں نہ صرف سکیورٹی فراہم کر رہی ہے بلکہ عملی طور پر بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ایس ایس پی ملیر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوانے میں بھرپور تعاون کریں۔