کمشنر راولپنڈی کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے پہلے دن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کا انعقاد

پیر 26 مئی 2025 21:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2025ء) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے پہلے دن کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ، محکمہ صحت، انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ صحت نے پہلے دن کے مقرر کردہ ٹارگٹ اور فیلڈ میں درپیش صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ راولپنڈی میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کی تعداد 9,77,781 ہے جنہیں اس مہم کے دوران پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے،ضلع میں کُل 7 تحصیلیں اور 188 یونین کونسلز ہیں، جن میں سے 25 نکاسی آب والی یونین کونسلز اور 38 ہائی رسک یونین کونسلز قرار دی گئی ہیں۔پولیو مہم کے لیے کل 3749 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 3293 موبائل ٹیمیں، 167 ٹرانزٹ ٹیمیں اور 299 فکسڈ ٹیمیں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

مزید برآں 217 یو سی ایم اوز اور 776 اے آئی سیز بھی مہم میں شامل ہوں گے۔ مہم کے پہلے دن 02 لاکھ 50 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلوانے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا تھا جسے ٹیمز نے بخیر و خوبی مکمل کیا۔ کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ پولیو کے خاتمہ کے لیے تمام اداروں کو مربوط حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہو گا تاکہ آئندہ نسلوں کو معذوری جیسے مسائل سے بچایا جا سکے، پولیو مہم کا آغاز راولپنڈی میں بھرپور طریقے سے کر دیا گیا ہے اور تمام فیلڈ سٹاف کو ضروری تربیت اور وسائل فراہم کر دیے گئے ہیں۔انہوں نے ہدایت کی کے مہم کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے اور روزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیٹ کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :