قومی ہیروز کی ملک کیلئے خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتاانہیں تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،سربراہ پاکستان سنی تحریک

پاکستان کی تاریخ میں اگر کسی شخصیت نے دفاعی طاقت کے میدان میں انقلاب برپا کیا تو وہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان ہیں ،شاداب رضا نقشبندی

پیر 26 مئی 2025 22:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2025ء)سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ قومی ہیروز کی ملک کیلئے خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ،پاکستان دنیا میں ایٹمی قوت ہے تو اس کے پیچھے ہمارے قومی ہیروز کی دن رات کی کاوشیں اور قربانیاں ہیں،28مئی 1998ملک کا تاریخی دن ہے اس دن پاکستان دنیا کے نقشے پر ایٹمی جوہری ملک بن کر اُبھرا،28مئی کوپاکستان سنی تحریک کے تحت ملک بھر میں یوم تکبیرمنایا جائیگا اور فتح مبین سمینارز کا انعقاد کیا جائیگا ، 28مئی 1998پاکستان نے چاغی میں پانچ ایٹمی کامیاب تجربات کئے تھے یہ دن پاکستان کے دفاع کو ناقبل تسخیربنانے کی علامت اور خطے میں طاقت کے توازن کو یقینی بناتا ہے ،بھارت نے 11اور13مئی 1998کو پوکھران ایٹمی تجربات کئے تھے ،پاکستان نے ہمیشہ طاقت کے توازن کو بیلنس اور دفاع کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے ہیں ،پاکستان دنیا کا ساتواں اور اسلامی دنیا کا پہلا ایٹمی ملک ہے ،ڈاکٹر عبدالقدیر خان سینئر سائنسدان بابائے ایٹمی پروگرام اور محسن پاکستان ہیں ،ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان کے ایٹمی دفاعی پروگرام کی بنایا رکھی اور اسے کامیابیوں کی بلندیوں تک پہنچایا ،فتح مبین سمینارز میں محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور قومی ہیروز کو زبردست خراج عقیدت پیش کرینگے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر مرکزی رہنمائوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ قوموں کی تاریخ میں کچھ افراد ایسے ہوتے ہیں جو اپنے علم جذبے قربانیوں سے ملک کی تقدیر بدل دیتے ہیں ،پاکستان کی تاریخ میں اگر کسی شخصیت نے دفاعی طاقت کے میدان میں انقلاب برپا کیا تو وہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان ہیں ،انہوں نے کہا کہ الحمد اللہ پاکستان دنیا کے نقشے پر مضبوط ایٹمی جوہری طاقت رکھنے والا ملک ہے ،پاکستان کی افواج کا شمار بھی دنیا کی بہترین اور طاقتور افواج میں کیا جاتا ہے ،حال ہی میں بھارت کے رفال جہاز کو پاک افواج نے تباہ کرکے بھارت کا غرور وگھمنڈ مٹی میں ملادیا ہے ۔