سانگلہ ہل کا نواحی علاقہ میدان جنگ بن گیا، مسلح تصادم کے نتیجہ میں 4افراد زخمی، ہسپتال منتقل

پولیس واقعہ کی مکمل تحقیقات کرے اور ملزمان کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، مطالبہ

منگل 27 مئی 2025 13:16

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2025ء)نواحی گاں چک نمبر116 لدھڑ میدان جنگ بن گیا،دو مخالف گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں اسلحہ کے اندھا دھند استعمال سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے باعث 4افراد زخمی ہوگئے ۔ فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔تفصیلات کے مطابق ایک روز قبل دونوں گروپوں کے درمیان معمولی تلخ کلامی اور گالم گلوچ کا واقعہ پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں کشیدگی بڑھ گئی۔

اس کشیدگی نے جلد ہی پرتشدد شکل اختیار کر لی اور دونوں گروپوں میں مسلح تصادم ہوا۔ ارسلان سکنہ لدھر چک 116 نے مبینہ طور پر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں امجد علی کے دائیں پٹھے پر گولی کا زخم،فاروق بائیں ہاتھ کی انگلی پر گولی لگی،نوید کے سر پر شدید چوٹ،جبکہ نصیرکے بھی سرپرچوٹ آئی۔

(جاری ہے)

تمام زخمیوں کو فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کی حالت تسلی بخش ہے تاہم کچھ افراد کو مزید علاج کے لیے فیصل آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پولیس موقع پر وقت پر نہ پہنچ سکی جس کے باعث صورتحال مزید خراب ہوئی۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس واقعہ کی مکمل تحقیقات کرے اور ملزمان کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔یہ واقعہ مقامی امن و امان کی صورتحال پر سوالیہ نشان ہے اور انتظامیہ سے موثر اقدامات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔