آپریشن سندورمودی حکومت کا محض سیاسی شو تھا جس سے بھارت کی ناکامیوں کا کھل کر انکشاف ہوا، اجے ثانی

منگل 27 مئی 2025 15:00

نئی دلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2025ء) معروف بھارتی صحافی اورتجزیہ کار اجے ثانی نے دو ٹوک الفاظ میں کہاہے کہ آپریشن سندورمودی حکومت کا محض سیاسی شو تھا جس سے بھارتی ناکامیوں کا کھل کر انکشاف ہواہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اجے ثانی نے بھارتی چینل دی وائر پر معروف سیاسی تجزیہ کار اور صحافی کرن تھاپر کے ساتھ ایک انٹرویو میں بھارتی حکومت کی نااہلی اور بھارتی میڈیا کے جھوٹ سے پردہ فاش کیا ۔

انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے ہر واقعے کو اعلان جنگ کے طور پر سمجھنے کی مودی حکومت کی پالیسی کے نتیجے میں بھارت معاشی لحاظ سے "انتہائی ناقابل اعتماد پارٹنربن گیا ہے "۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیت کو کم سمجھنا بھارت کے لیے مہنگا ثابت ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت کی فوجی حکمت عملی شدید ناکامی کا شکار ہو چکی ہے۔ بھارتی میڈیا کے اس دعوے کہ پاکستانی ایئر فورس 20فیصد تباہ ہو چکی ہے سے متعلق سوال کے جواب میں اجے ثانی نے کہاکہ بھارتی میڈیا جھوٹ کی تشہیر کیلئے صرف مبالغہ آرائی کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی میڈیا پر عوام کو گمراہ کرنے والی رپورٹس چلائی گئیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ جنگی حکمت عملی کی سمجھ بوجھ کی کمی بھارتی حکومت کا سنگین مسئلہ ہے۔ اجے ثانی نے کہاکہ مودی حکومت کی ناقص فوجی منصوبہ بندی بھارت کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ پاکستان کے خلاف بھارت کے ناکام حملے اور حکمت عملی سے بھارتی عوام مکمل مایوس ہے۔45منٹ دورانیے کے انٹرویو کے دوران کرن تھاپر نے مودی حکومت کی پالیسیوں پر سخت تحفظات کا اظہار کیا۔ دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق مودی سرکار عالمی سطح پر اپنی جمہوری ساکھ کھو چکی ہے۔مودی کی نااہلی اور جھوٹ کا سچ پوری دنیا نے اپنی آنکھوں سے دیکھا۔