کرناٹک ،بی جے پی رہنما نے مسلم ڈپٹی کمشنر کو پاکستانی قراردیدیا

منگل 27 مئی 2025 16:35

بنگلورو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2025ء) بھارت میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک رہنما نے ایک مسلمان سرکاری خاتون عہدیدار کے خلاف فرقہ وارانہ بیان دیتے ہوئے انہیں پاکستانی قرار دیدیا۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ریاست کرناٹک میں بی جے پی کے رکن قانون ساز کونسل این روی کمار نے مسلمان خاتون ڈپٹی کمشنر فوضیہ ترنم کے دفتر کے سامنے پارٹی کارکنوں کے ہمراہ احتجاج کے دوران کہا کہ ’’آیا اس عہدیدار کا تعلق پاکستان سے ہے ، مجھے نہیں معلوم ڈپٹی کمشنر پاکستان سے یہاں آئی ہیں یا پھر یہاں کی آئی اے ایس عہیدار ہیں۔

‘‘ان کے اس فرقہ وارانہ بیان کا فوری ردعمل آیا اور اسے کڑی تنقید کا نشانہ بنایاگیا۔ کانگریس صدر ملکار جن کھرگے کے بیٹے پریانک کھرگے نے بی جے پی رہنما کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی ناگوار اور خطرناک ذہنیت کا عکاس قرار دیا۔ انہوںنے کہا کہ بی جے پی کے رہنما ملک بھر میں ایسی ہی تقاریر کرتے ہیں ۔ ایک مقامی شخص کی شکایت پر پولیس نے بی جے پی رہنما کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے۔