آئی سی سی ویمنز ٹی20 رینکنگ،پاکستان کی سعدیہ اقبال نمبر ون باؤلر بن گئیں

منگل 27 مئی 2025 22:55

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2025ء)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی نئی ویمنز ٹی20 رینکنگ میں پاکستان کی سعدیہ اقبال نمبر ون باؤلر بن گئیں۔آئی سی سی کی جانب سے ویمنز ٹی20 کی نئی رینکنگ جاری کی گئی ہے جس میں پاکستانی باؤلر سعدیہ اقبال نے ایک درجے ترقی کرنے کے بعد پہلی پوزیشن پر قبضہ کرلیا۔ٹی20 باؤلرز کی فہرست میں بھارت کی دیپتی شرما کا دوسرا اور آسٹریلیا کی اینابل سندرلینڈ کا تیسرا نمبر ہے۔

سعدیہ اقبال نے حال ہی میں لاہور میں ہونے والے آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کوالیفائرز میں پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا، جہاں انہوں نے مجموعی طور پر 9 وکٹیں حاصل کیں۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ’سعدیہ اقبال گزشتہ سال آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈکپ کی نمایاں کھلاڑیوں میں سے ایک تھیں اور ٹی20 آئی بولرز رینکنگ میں ایک درجہ ترقی پا کر سرفہرست آ گئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے انگلینڈ کی اسپنر سوفی ایکلسٹون کو پیچھے چھوڑا، جو حالیہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز میں شریک نہیں ہوئیں، تاہم اس سیریز میں انگلینڈ کی لورین بیل 7 وکٹیں حاصل کرکے 13 درجے ترقی پائی اور چھٹے نمبر پر پہنچ گئیں۔آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ ویمنز بیٹر رینکنگ میں کوئی بھی پاکستانی بیٹر ٹاپ 10 میں شامل نہیں۔