مانسہرہ خاتون کو اسلحہ کے زور پر اغوا، نقدی چھیننے اور زیادتی کا نشانہ بنانے والا ملزم گرفتار

بدھ 28 مئی 2025 12:31

مانسہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2025ء)مانسہرہ خاتون کو اسلحہ کے زور پر اغوا، نقدی چھیننے اور زیادتی کا نشانہ بنانے والا ملزم گرفتار پولیس نے گرفتاری پر بیان جاری کردیا-مانسہرہ تھانہ سٹی کی حدود بٹ پل میں مورخہ 15 مئی 2025 کو ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں ایک خاتون کو اسلحہ کی نوک پر اغوا کر کے نہ صرف اس سے نقدی چھینی گئی بلکہ اسے زیادتی کا نشانہ بھی بنایا گیا۔

متاثرہ خاتون کی جانب سے نامعلوم ملزمان کے خلاف اطلاعی رپورٹ درج کروائی گئی، جس پر ڈی پی او مانسہرہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی جلد گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔ایس پی سٹی اور ڈی ایس پی سٹی کی نگرانی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، جس کی قیادت ایس ایچ او تھانہ سٹی عاصم بخاری نے کی جس میں پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنیکل ذرائع، سی سی ٹی وی فوٹیجز اور تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے تفتیش کا آغاز کیا اور جلد ہی ملزم کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

ابتدائی طور پر گرفتار ملزم کو شناخت کے بغیر جیل منتقل کیا گیا، جہاں متاثرہ خاتون نے شناخت پریڈ کے دوران مرکزی ملزم حمزہ ولد سیف الدین سکنہ شنئی کی باقاعدہ شناخت کی۔ شناخت کے بعد پولیس نے عدالتی اجازت سے ملزم کو ریمانڈ پر لیا، جس دوران ملزم سے دوران واردات استعمال کیا گیا اسلحہ (پسٹل) اور نقدی 1 لاکھ 43 ہزار برآمد کر لی گئی، پولیس کی جانب سے واقع میں میں مزید تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔