Live Updates

مئی ہماری تاریخ کا ایک روشن باب ہے،راجہ سجاد ایڈووکیٹ

پاکستان کی جوہری صلاحیت ہماری خود انحصاری اور دفاعی خودکفالت کی عکاس ہے

بدھ 28 مئی 2025 16:37

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2025ء)راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ نے 28 مئی یومِ تکبیر کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 28 مئی ہماری تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔ آج کے دن 1998 کو چاغی میں ہونے والے ایٹمی تجربات پاکستان کی دفاعی خودمختاری، قومی وقار اور تکنیکی مہارت کا سنگِ میل تھے۔ یہ دن قوم کے اتحاد، اعتماد اور عزم کا مظہر ہے۔

یومِ تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ نے ایٹمی سائنس دان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو خراجِ تحسین پیش کیا،جنہوں نے اپنی قیادت، عزم اور محنت سے پاکستان کو مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بنایا۔انھوں نے کہا کہ یومِ تکبیر ہمارے سائنسی و عسکری عزم، پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور قومی وحدت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جوہری صلاحیت ہماری خود انحصاری اور دفاعی خودکفالت کی عکاس ہے۔آج کا دن دشمن کو یہ واضح پیغام دیتا ہے کہ پاکستان اپنے دفاع پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔انھوں نے حالیہ بھارتی جارحیت کے دوران پاکستان کی مسلح افواج کی جرات و بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’آپریشن بُنٴْیًانٌ مًّرٴْصُوٴْص‘ ہماری دفاعی تیاری اور عسکری صلاحیتوں کا مظہر تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاک افواج نے جدید ٹیکنالوجی اور بہترین حکمت عملی سے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا اور ملک کی بحری، بری و فضائی سرحدوں کا بھرپور دفاع کیا۔انھوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یومِ تکبیر کے پیغام کو زندہ رکھتے ہوئے پاکستان کو ایک مضبوط، محفوظ اور خودمختار ریاست بنانے کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا-
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات