شہر اقتدار مظفرآباد میں دو کمروں کے مکان کا کرایہ 20 سے 30 ہزار تک جا پہنچا

کسی بھی جگہ چھوٹی سی دکان کی پگڑی لاکھوں میں کرایہ ہزاروں تک کوئی پوچھنے والا نہیں

بدھ 28 مئی 2025 16:37

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2025ء) مکان و دکان وہی کرایہ ہر سال بڑھایا جانے لگا۔ شہر اقتدار مظفرآباد میں دو کمروں کے مکان کا کرایہ 20 سے 30 ہزار تک جا پہنچا جبکہ کسی بھی جگہ چھوٹی سی دکان کی پگڑی لاکھوں میں کرایہ ہزاروں تک کوئی پوچھنے والا نہیں۔ غیر ریاستی افراد نے اہم ترین کاروباری مراکز میں بھاری ایڈوانس اور لاکھوں روپے کرایہ ادا کر کے مقامی افراد کے لیے کاروبار کے راستے ہی مسدود کر دیے۔

لوگوں نے اس امر کو بھی مہنگائی پھیلانے کا ایک ذریعہ قرار دے دیا۔ ملازم پیشہ چھوٹے ملازمین اور چھوٹے پیمانے پر کاروبار کرنے والے شدید ذہنی اذیت کا شکار۔ شوکت لائن، گوجرہ، پولیس لائن، نلوچھی سمیت اپر چھتر سب پر بازی لے گئے۔ویسٹرن بائی پاس،مدینہ مارکیٹ اور پلیٹ میں کاروبار کرنا مقامی افراد کے لیے ناممکن ہو کر رہ گیا رہتی کسر ویسٹرن بائی پاس گوجرہ کے دونوں اطراف تعمیر کیے جانے والے پلازوں نے پوری کر دی،بڑھتے ہوئے کرایہ کی وجہ سے کئی ایک مقامی تاجر زندگی کی بازی بھی ہار گئے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز میڈیا سروے رپورٹ میں شہریوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ مہنگائی کی گرتی ہوئی شرح کے تناظر میں کرائے کے مکانوں اور دکانوں کی طرف بھی حکومت اور اداروں کو توجہ دینی چاہیے۔ اس وقت آزاد کشمیر کے دیگر اضلاع سے کاروبار اور سرکاری نوکریاں کرنے کی غرض سے بال بچوں کے علاوہ دیگر کو مکانیت کی شدید دشواری ہے۔

اس وقت شہر میں ایک کمرہ کچن باتھ اول تو ملتا ہی نہیں اور اگر مل جائے تو اس کا کرایہ کم از کم 10 سے 15 ہزار اسی طرح دو کمرے کچن باتھ 20 سے 30 ہزار اور اس سے بڑا مکان 50 ہزار سے ڈیڑھ لاکھ تک میسر ہے۔اسی طرح دکانیں بھاری کرایہ اور ایڈوانس۔سونے پر سہاگہ ان مکانوں دکانوں میں رہنے والوں کا ہر سال کرایہ بڑھا دیا جاتا ہے اعتراض کرنے والوں کو فوری طور پر مکان دکان خالی کرنے کا نوٹس تھما دیا جاتا ہے۔

لوگوں کا کہنا ہے کہ اس وقت مہنگائی کی شرح میں خاطر خواہ کمی واقع ہو چکی ہے۔اشیا خوردونوش کی قیمتوں میں بھی واضح کمی کے باوجود کرایوں میں کمی کا نہ ہونا لوگوں کے لیے باعثِ اذیت ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں اور حکومت وقت سے مطالبہ کیا ہے کہ کرائے پر گھر و دکان دینے والوں کا قبلہ بھی درست کیا جائے تاکہ ملازم پیشہ مزدور، دیہاڑی دار،ملازمت پیشہ افراد اور تاجر عزت کے ساتھ اپنے بال بچوں کا سر چھپا کر اپنا وقت گزار سکیں۔