لاہور سمیت صوبہ بھر میں 18 ہزار افسران و اہلکار پولیو ورکرز کی سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کئے گئے ہیں،ترجمان

بدھ 28 مئی 2025 16:44

لاہور سمیت صوبہ بھر میں 18 ہزار  افسران و اہلکار پولیو ورکرز کی سکیورٹی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2025ء) انسپکٹر جنر ل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس لاہور سمیت صوبہ بھر میں 5 سال سے کم عمر بچوں کے لئے انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے پرعزم ہے جس کے تسلسل میں پولیو وائرس سے بچا وکے قطرے پلانے والے ٹیموں اور ورکرز کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ملک کے دیگر حصوں کی طرح صوبہ پنجاب میں بھی 2025 کی تیسری انسداد پولیو مہم کے لیے لاہور سمیت صوبہ بھر میں 18 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار پولیو ورکرز کی سکیورٹی پر تعینات کیے گئے ہیں۔

صوبہ بھر میں 457 انسپکٹرز، 1013 سب انسپکٹرز، 1654 اے ایس آئیز اور 350 سے زائد لیڈی پولیس کانسٹیبلز پولیو مہم میں سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔

(جاری ہے)

لاہور میں 1500 سے زائد افسران اور اہلکار پولیو ورکرز کی سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ تھانوں کی موٹر سائیکل اور گاڑیاں پولیو مہم والے علاقوں میں موثر پٹرولنگ کر رہی ہیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ ڈولفن، پیرو اور تھانوں کی ٹیمیں انسدادپولیو ویکسینیشن والی یونین کونسلز میں موثر پٹرولنگ یقینی بنائیں۔

آر پی اوز، ڈی پی اوز انسداد پولیو ٹیموں کے سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ انسداد پولیو ورکرز اورٹیموں کی حفاظت میں غفلت و کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ تمام سرکل افسران کو علاقائی حساسیت کے پیش نظر پولیو ورکرز کو سکیورٹی فراہم کریں۔