Live Updates

پاکستانی طلبہ کا عالمی اعزاز، ہواوے آئی سی ٹی مقابلہ 2025 میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی

بدھ 28 مئی 2025 16:53

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2025ء) پاکستانی طلبہ نے ملک کے لیے ایک اور بین الاقوامی اعزاز حاصل کرلیا ۔ سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام اور مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو پر مشتمل مشترکہ ٹیم نے چین کے شہر شینزین میں منعقدہ ہواوے آئی سی ٹی مقابلہ 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی سطح پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

یہ بین الاقوامی مقابلہ دنیا بھر کے 100 سے زائد ممالک کی 2,000 سے زیادہ جامعات اور اداروں کے 2 لاکھ 10 ہزار سے زائد طلبہ اور اساتذہ کے درمیان ہوا۔ سخت قومی اور علاقائی مراحل سے گزرنے کے بعد صرف 179 ٹیمیں 48 ممالک سے عالمی فائنلز کے لیے منتخب ہوئیں، جن میں پاکستان کی نمائندہ ٹیم بھی شامل تھی۔ پاکستانی ٹیم میں سندھ زرعی یونیورسٹی کے انفارمیشن ٹیکنالوجی سینٹر سے محمد اسحاق اور مہران یونیورسٹی سے تحسین احمد شامل تھے۔

(جاری ہے)

دونوں طلبہ نے نیٹ ورک ٹریک کیٹیگری میں غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ٹیم کی رہنمائی معروف آئی ٹی ماہر سہراب تھہیم نے کی، جن کی زیرنگرانی ٹیم اس سے قبل مشرقِ وسطیٰ کے علاقائی مقابلے میں دوسری پوزیشن بھی حاصل کر چکی تھی۔اختتامی تقریب میں ہواوے کی جانب سے پاکستان کی تیسری پوزیشن کا باضابطہ اعلان کیا گیا، جسے ملکی سطح پر آئی سی ٹی تعلیم، اختراع اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر سندھ زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے طلبہ، اساتذہ اور سرپرستوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اس کامیابی کو ’’قومی وقار کا لمحہ‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے سہراب تھہیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مروت سجاد تالپور کی خدمات کو خصوصی طور پر سراہا۔ڈاکٹر سیال نے کہا یہ عالمی سطح پر ملنے والا اعتراف ہمارے نوجوانوں کی تخلیقی سوچ، ٹیکنیکل مہارت اور جدت پسندی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مصنوعی ذہانت، بگ ڈیٹا اور سائبر سکیورٹی جیسے شعبوں میں ماہر افراد کی عالمی مانگ تیزی سے بڑھ رہی ہے اور ہمارے نوجوان اس خلا کو پُر کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہواوے جیسے مقابلے طلبہ کو عملی تربیت، صنعت و جامعات کے اشتراک اور جدید نصاب کی مدد سے عالمی معیار کے مطابق تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔مقابلے کے 9ویں ایڈیشن میں رواں برس ’’ویمن ان ٹیک‘‘ اور ’’گرین ڈویلپمنٹ ایوارڈز‘‘ جیسے نئے شعبہ جات بھی شامل کیے گئے، جن کا مقصد ٹیکنالوجی میں شمولیت، پائیداری اور تنوع کی اہمیت کو فروغ دینا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات