Live Updates

آذربائیجان کا پاکستان میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لے رہے ہیں اور جلد ہی اس حوالے سے عملی منصوبے شروع کیے جائیں گے؛ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی بدھ 28 مئی 2025 16:01

آذربائیجان کا پاکستان میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان
لاچین ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مئی 2025ء ) آذربائیجان نے پاکستان میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کردیا۔ تفسیلات کے مطابق آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے پاکستان میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے، یہ اعلان انہوں نے لاچین میں ہونے والے پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے سہ فریقی اجلاس کے دوران کیا، اس موقع پر صدر علیوف نے کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان نا صرف مشترکہ تاریخ اور ثقافت رکھتے ہیں بلکہ اب یہ ممالک مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے مل کر آگے بڑھنے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آذربائیجان پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لے رہا ہے اور جلد عملی منصوبے شروع کیے جائیں گے، 2020 میں آرمینیا کے ساتھ جنگ کے دوران پاکستان اور ترکیہ کی حمایت ان کے لیے انتہائی قیمتی تھی، تینوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دی جا رہی ہے جو نا صرف باہمی ترقی بلکہ علاقائی استحکام کے لیے بھی ضروری ہے، آذربائیجان، پاکستان اور ترکیہ کے ساتھ سیاحت سمیت دیگر معاشی شعبوں میں بھی مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر (نشان امتیاز ملٹری) نے آذربائیجان کے شہر لاچین میں میزبان ملک کے وزیر دفاع کرنل جنرل حسنوف ذاکر اصغر اوگلو سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی حرکیات اور پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا، اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات کو سراہا اور آذربائیجان کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم پر زور دیا۔

اس سے پہلے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نشانِ امتیاز (ملٹری) نے تہران اسلامی جمہوریہ ایران میں جنرل اسٹاف ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں آرمی چیف نے ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری سے ملاقات کی، ملاقات میں دونوں عسکری قائدین نے علاقائی سلامتی کی بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، اور باہمی دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی۔

مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ایران پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا جہاں ایرانی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا، اس کے بعد ہونے والا ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اہم شعبوں میں افواج کے درمیان تعاون میں اضافے، مشترکہ سرحد پر سکیورٹی کے مؤثر اقدامات اور سرحدی علاقوں کو تجارت و اقتصادی روابط کے مراکز میں تبدیل کرنے کے امکانات پر غور کیا گیا جو خطے میں استحکام اور خوشحالی کا باعث بن سکتے ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات