حج پر آئے ایرانی عالم دین غلام رضا قاسمیان سوشل میڈیا پر تنقیدی ویڈیو شیئر کرنے پر گرفتار

ویڈیو میں عالم دین نے سعودی عرب کو اخلاقی بگاڑ کو فروغ دینے کے الزامات عائد کرتے ہوئے سخت تنقید کا نشانہ بنایا . رپورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 28 مئی 2025 16:12

حج پر آئے ایرانی عالم دین غلام رضا قاسمیان سوشل میڈیا پر تنقیدی ویڈیو ..
ریاض(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 28 مئی ۔2025 )سعودی عرب نے حج پر آئے ایرانی عالم دین غلام رضا قاسمیان کو سوشل میڈیا پر تنقیدی ویڈیو شیئر کرنے پر گرفتار کرلیا ہے ایران کی عدلیہ نے عالم دین کی گرفتاری کی مذمت کی ہے، غلام رضا قاسمیان نے ویڈیو میں سیاحت اور مغری کاروباری سرگرمیوں کے ذریعے معیشت کو کھولنے کے لیے کئی سماجی پابندیاں نرم کرنے پر سعودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا.

(جاری ہے)

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق غلام رضا قاسمیان کو اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب انہوں نے ایک ویڈیو میں سعودی عرب کو اخلاقی بگاڑ کو فروغ دینے کے الزامات عائد کرتے ہوئے سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا ایران کی عدلیہ نے غلام رضا قاسمیان کی گرفتاری کو غیرمنصفانہ اور غیرقانونی قرار دیا ہے جبکہ سعودی حکومت کے رابطہ دفتر نے” رائٹرز“ کی جانب سے تبصرے کی درخواست کا فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا.

غلام رضا قاسمیان نے اپنی ویڈیو میں کہا تھا کہ اب لوگ قمار خانوں، قحبہ خانوں اور فحش کنسرٹس کے لیے انطالیہ (ترکی کا مشہوری سیاحتی مقام جہاں ایرانی اکثر جاتے ہیں) کے بجائے مکہ اور مدینہ جائیں گے یہ ریمارکس اس وقت سامنے آئے جب میڈیا رپورٹ میں کہا گیا جب سعودی عہدیدار کی جانب سے اس کی تردید کی گئی تھی کہ ریاض شراب پر پابندی کے 73 سالہ پرانے قانون کو ختم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، جو کہ مذہبی مسلمانوں کے لیے ممنوع ہے.

ایران نے 2023 میں کئی سالہ علاقائی رقابت کے بعد سعودی عرب سے دوبارہ تعلقات بحال کیے تھے سوشل میڈیا پلیٹ فارم” ایکس“ پر کچھ ایرانی صارفین نے غلام رضا قاسمیان کی جرات پر ان کی تعریف کی جبکہ دوسروں نے ان پر تنقید کی کہ ان کے بیانات توہین آمیز ہیں اور دو ممالک کے درمیان برف پگھلنے کے عمل کو نقصان پہنچا سکتے ہیں سرکاری میڈیا نے آگاہ کیا ہے کہ ایران کا قونصل خانہ جدہ میں اس معاملے کی پیروی کر رہا ہے اور گرفتاری کے بعد سے اب تک علی رضا قاسمیان سے دو بار ملاقات کر چکا ہے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ایران خاص طور پر حج جیسے روحانی ماحول میں مسلمانوں کے اتحاد کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کی مذمت کرتا ہے انہوں نے کہا کہ ہم پرعزم ہیں کہ کسی کو بھی اپنے برادر پڑوسیوں بالخصوص ایران اور سعودی عرب کے ترقی پسند تعلقات کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے.