ملک بھر میں تمام صارفین کیلئے بجلی کا یکساں ماہانہ ٹیرف لاگو کرنے کی منظوری

قبل ازیں کے الیکٹرک کے لیے الگ اور باقی ملک کے لیے علیحدہ ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق ہوتا تھا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 23 اگست 2025 11:14

ملک بھر میں تمام صارفین کیلئے بجلی کا یکساں ماہانہ ٹیرف لاگو کرنے کی ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اگست 2025ء ) وفاقی کابینہ نے کراچی سمیت ملک بھرکے لیے یکساں ماہانہ ٹیرف ایڈ جسٹمنٹ لاگوکرنے کی منظوری دے دی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 19 اگست کے فیصلے کی منظوری دی، اس فیصلے کے تحت بجلی کی قیمت میں ماہانہ ایڈجسٹمنٹ ملک بھر کے لیے یکساں ہوگی، فیول ایڈجسٹمنٹ میں کمی یا اضافہ دونوں صورتوں میں ملک بھر کے لیے ایک جیسا ہوگا، بجلی کا بنیادی ٹیرف اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کراچی سمیت ملک بھر کے لیے یکساں لاگو ہوتی ہے، نئے فیصلے کے تحت ماہانہ ایڈجسٹمنٹ بھی سہ ماہی اور بنیادی ٹیرف کی طرح ملک بھر کے لیے یکساں ہوگی۔

دوسری طرف وزیرخزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے جلد بجلی سستی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے شرح سود میں بھی مزید کمی کی امید ظاہر کردی، ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجلی کے نرخوں میں کمی کیلئے معاہدے کیے گئے، آنے والے دنوں میں توانائی اخراجات میں کمی آئے گی اور بجلی سستی ہوگی اور جلد شرح سود میں بھی مزید کمی کا اعلان کیا جائے گا، مانتا ہوں کہ ملکی قرضوں میں 41 فیصد اضافہ ایک بڑا اضافہ ہے لیکن جیسے جیسے قرضوں کی ادائیگی ہوگی یہ صورتِ حال بہتر ہوجائے گی، پالیسی ریٹ میں مزید کمی سے متعلق بھی اعلان جلد کیا جائے گا، اس سال ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری تیزی سے آگے بڑھے گی، ایف بی آر میں اصلاحات کے عمل کی نگرانی وزیر اعظم خود کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پہلی بار زرعی آمدنی کو بھی ٹیکس نظام کا حصہ بنایا گیا ہے، جتنی مالیاتی اسپیس میسر تھی اس کے مطابق تنخواہ داروں کو ٹیکس ریلیف دے چکے، ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کے سوا ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں ہے، اقتصادی میدان میں پاکستان کی کامیابیوں کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے، ایک تیسری عالمی ریٹنگ ایجنسی بھی پاکستان کی ریٹنگ میں بہتری کا اعلان کرے گی، امریکہ سے ٹیرف مذاکرات کے بعد پاکستان کے ایکسپورٹ کے مواقع بڑھے ہیں، بیرونی محاذ پرمعاشی کامیابیوں سے ملک کے اندر بھی معیشت پر اعتماد بڑھا ہے۔