Live Updates

حریت کانفرنس کی ’’یوم تکبیر ‘‘ پر حکومت پاکستان ، مسلح افواج ،عوام کو مبارکباد

مقبوضہ کشمیر میں تلاشی کی کارروائیاں جاری، پاکستانی پرچم ،جنرل عاصم منیر کی تصویر والے پوسٹر چسپاں

بدھ 28 مئی 2025 19:14

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2025ء)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے’’ یوم تکبیر ‘‘ پر پاکستان کی حکومت، مسلح افواج اور عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کشمیری عوام کے منصفانہ نصب العین کے تئیں پاکستان کے غیر متزلزل عزم کو سراہتے ہوئے اس کی ایٹمی صلاحیت کو بھارتی جارحیت کے خلاف ایک اہم ڈھال قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کی شاندار کامیابی سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ایک نئی مہمیز ملی ہے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ تنازعہ کشمیر خطے میں پائیدار امن و استحکام اور پاک بھارت بہترتعلقات کی راہ میں ایک بنیادی رکاوٹ ہے۔

انہوںنے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں ممکنہ ایٹمی تصادم کو روکنے کیلئے تنازعہ کشمیر کو اپنی پاس کردہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے کردار ادا کرے۔دریں اثنا بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مختلف علاقوںمیں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور بلا جواز چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ بھارتی فوجیوں نے ضلع سانبہ کے لوانگ، سرتھل اور دیگر علاقوں میںبڑے پیمانے پر تلاشی کی کارروائیاں کیں جس دوران خواتین اور بچوں سمیت مکینوںکو سخت ہراساں کیا گیا اور قیمتی گھریلو اشیاء کی توڑ پھوڑ کی گئی۔

سرینگر اور دیگر علاقوں میں ایک مرتبہ پھر پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں جن میںپاکستانی پرچم ، فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر اور رافیل سمیت بھارتی جنگی طیاروں کو مار گرانے والے پاکستانیJ-10C لڑاکا طیارے کی تصاویر موجود ہیں۔ پوسٹروں کے ذریعے حق خود ارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں کشمیریوں کی بھر پور سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت پر حکومت پاکستان اور افواج کا شکریہ ادا کیا گیا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ نے’ یومِ تکبیر‘‘ کے سلسلے میں ایک تقریب کا انعقاد کیا ۔ تقریب کے مقررین نے کہا کہ پاکستان نے اپنی ایٹمی صلاحیت سے نہ صرف دشمن کو یہ باور کرایا کہ وہ اپنی سلامتی و خودمختاری پر ہرگز کوئی سمجھوتہ نہیںکریگا بلکہ جنوبی ایشیا میں طاقت کا توازن بھی بحال کیا ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات