Live Updates

پوری قوم سائنسدانوں، انجینئرز، ٹیکنیشنز اور قیادت پر فخر ہے،جنید انوار چوہدری

بدھ 28 مئی 2025 21:07

اسلام آباد، (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مئی2025ء)وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ پوری قوم اٴْن تمام سائنسدانوں، ماہرینِ دفاع، انجینئرز، ٹیکنیشنز اور قیادت پر فخر کرتی ہے جنہوں نے پاکستان کو پہلی اسلامی ایٹمی طاقت بنایا۔ یومِ تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ان تمام افراد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملکی دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے میں کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رواں سال یومِ تکبیر ایک خاص اہمیت کا حامل ہے کیونکہ معرکہ حق کے تناظر میں ہمیں دوہری خوشی نصیب ہوئی ہے۔جنید انوار چوہدری نے 28 مئی کو ایک تاریخی دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دن ہم ربِ کریم کے حضور شکر بجا لاتے ہیں اور یہ عہد دہراتے ہیں کہ جو قوم اللہ پر بھروسہ رکھتی ہے، وہ اٴْس کی رحمت سے کبھی مایوس نہیں ہوتی۔اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہونے کے باوجود ہمیشہ خطے میں امن کو ترجیح دیتا ہے، طاقت کے توازن کو برقرار رکھا ہے اور اس کے ذمہ دارانہ کردار کو دنیا نے سراہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وطنِ عزیز کے دفاع میں پاک فوج کا کردار نہایت قابلِ تحسین ہے، جنہوں نے 10 مئی کو دشمن کو ایک بار پھر شکست سے دوچار کیا۔۔۔۔ اعجاز خان
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات