
یو این سمندروں پر تیسری عالمی کانفرنس میں ٹھوس اقدامات کے لیے پرعزم
یو این
بدھ 28 مئی 2025
20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 28 مئی 2025ء) سمندری ماحول کو تحفظ دینے کے لیے دنیا بھر کے ممالک آئندہ ماہ فرانس کے شہر نیس میں جمع ہوں گے جہاں کرہ ارض کے سب سے بڑے اور اہم ترین ماحولیاتی نظام کو لاحق خاموش تباہی روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات پر بات چیت کی جائے گی۔
9 تا 13 جون ہونے والی اقوام متحدہ کی تیسری سمندری کانفرنس (یو این او سی 3) میں دنیا بھر سے سربراہان مملکت، سائنس دان، سول سوسائٹی کے ارکان اور کاروباری رہنما شرکت کریں گے۔
اس موقع پر سمندری ماحول کو بڑھتی ہوئی آبی حدت اور تیزابیت، حیاتیاتی تنوع کے خاتمے، پلاسٹک کی آلودگی اور ناپائیدار ماہی گیری جیسے مسائل سے لاحق سنگین خطرات پر قابو پانے کے لیے غوروخوض ہو گا اور اس ضمن میں اہم فیصلے لیے جائیں گے۔
(جاری ہے)
ہنگامی صورتحال
اقوام متحدہ کے دفتر برائے معاشی و سماجی امور (ڈیسا) کے سربراہ اور کانفرنس کے سیکرٹری جنرل لی جنہوا نے کہا ہے کہ کرہ ارض پر زندگی کو تحفظ دینے کا نظام ایسے سنگین مسائل سے دوچار ہے جو ہنگامی توجہ کا تقاضا کرتے ہیں۔ تاہم دنیا کے پاس درست سمت اختیار کا وقت اب بھی موجود ہے۔ سمندروں کا مستقبل طے نہیں ہے بلکہ اسے زمانہ حال میں لیے گئے فیصلے اور اقدامات متشکل کریں گے۔
اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'یو این او سی 3' معمول کا کوئی رسمی اجلاس نہیں ہو گا بلکہ اس سے تمام شعبوں اور ممالک میں سمندری ماحول کو تحفظ دینے کے لیے اقدامات کی رفتار تیز کرنے میں مدد ملے گی۔
سمندری ماحول کے تحفظ کا معاہدہ
کانفرنس میں 50 سے زیادہ ممالک کے سربراہان سمیت تقریباً تمام ممالک سے ڈیڑھ ہزار مندوبین شریک ہوں گے۔
اس دوران مختلف موضوعات پر 10 اجلاس اور 10 مباحثوں کا انعقاد ہو گا۔ فرانس کے ساتھ کوسٹاریکا بھی اس کانفرنس کا مشترکہ میزبان ہے۔اقوام متحدہ میں فرانس کے مستقل نمائندے جیروم بونافونٹ نے کہا ہے کہ دنیا کو ماحولیاتی اعتبار سے ہنگامی حالات کا سامنا ہے۔ سمندری ماحول سنگین خطرات سے دوچار ہے۔ امید ہے کہ یہ کانفرنس بہتری کے لیے فیصلہ موڑ ثابت ہو گی اور اس میں ایسا معاہدہ طے پائے گا جس سے مستقبل میں سمندری ماحول کو موثر تحفظ ملے گا۔
لی جنہوا کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کو 'سمندروں کے لیے نیس لائحہ عمل' کا نام دیا جائے گا جس میں تمام ممالک دنیا بھر کے سمندری ماحول کو بچانے کے لیے رضاکارانہ طور پر نئے اور ٹھوس وعدے کریں گے۔
تین سنگ ہائے میل
تین اجلاس 'یو این او سی 3' کے کامیاب انعقاد کی راہ ہموار کریں گے۔ ان میں 4 تا 6 جون ہونے والی 'ون سائنس کانگرس' خاص طور پر اہم ہے جس میں کئی ہزار محققین شرکت کر رہے ہیں۔
اس سے اگلے روز سمندری سطح میں اضافے اور ساحلوں کے استحکام کے موضوع پر کانفرنس کا انعقاد ہو رہا ہے جبکہ 7 تا 8 جون ہونے والی ایک کانفرنس میں سمندری ماحول کے تحفظ کے لیے سرمایہ کاروں اور پالیسی سازوں کو متحرک کیا جائے گا۔اقوام متحدہ میں کوسٹاریکا کی سفیر مارٹیزا چن ولورڈے نے کہا ہے کہ سمندروں کے تحفظ سے متعلق اقدامات میں مزید تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں۔
رکن ممالک کی جانب سے اس ضمن میں واضح شیڈول، مالی وسائل اور جواب طلبی کے طریقہ کار کے ساتھ ٹھوس وعدوں کی توقع ہے۔ اس مرتبہ کانفرنس میں محض بات چیت ہی نہیں ہو گی بلکہ زیادہ سے زیادہ ٹھوس نتائج بھی حاصل کیے جائیں گے۔عزائم سے عمل تک
'اقدامات کی رفتار تیز کرنا اور سمندروں کے تحفظ اور ان سے پائیدار طور سے کام لینے کے لیے تمام متعلقہ فریقین کو متحرک کرنا اس کانفرنس کا بنیادی موضوع ہے جس میں پائیدار ماہی گیری سےلے کر سمندری آلودگی کے خاتمے اور موسمیات و حیاتیاتی تنوع کے باہمی تعامل سمیت متعدد موضوعات پر بات چیت ہو گی اور ضروری فیصلے لیے جائیں گے۔
لی جنہوا نے کہا ہے کہ یہ عزائم کو عمل میں بدلنے کا وقت ہے۔ حکومتوں، کاروباروں، سائنس دانوں اور سول سوسائٹی کو چاہیے کہ وہ اس مقصد کے لیے مشترکہ جذبے کے تحت متحد ہوں۔
متعلقہ عنوان :
مزید اہم خبریں
-
دنیا کی 40 فیصد آبادی رہن سہن کے کم از کم معیار سے محروم، یو این
-
وزیر توانائی کا بجلی کی قیمت میں 50 فیصد کمی کا حیران کن دعوٰی
-
غزہ: بھوک کے ستائے لوگوں کا یو این گودام پر حملہ، دو ہلاک جبکہ متعدد زخمی
-
یو این امن کاری کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت، انتونیو گوتیرش
-
وفاقی حکومت نے میڈیا اداروں کے کہ 1 ارب 50 کروڑ روپے سے زائد کے بقایا جات بروقت تنخواہوں اور کارکنوں کے بقایا جات کی ادائیگوں سے مشروط کر کے میڈیا مالکان کو آگاہ کر دیا ہے. مبشر حسن
-
پاکستانی وفود سے بیرون ملک ایک سوال ضرور ہوگا کہ عمران خان کہاں ہے؟
-
مریم نواز کے لندن میں 5 فلیٹس نکلے تو ان کی ضمانت 2 ماہ میں ہی ہو گئی تھی کیونکہ شریف خاندان ڈیل پر راضی تھا
-
میں کسی یزید کے کہنے پر 3 سال تو کیا 3 منٹ بھی خاموش نہیں رہوں گا
-
آئندہ مالی سال سے ٹیچرز کو 25فیصد انکم ٹیکس ری بیٹ حاصل ہوگا
-
پاکستان: کم عمری کی شادیوں کے خلاف یونیسف کی آگہی مہم کا آغاز
-
عالمی بینک کی پاکستان کو 40ارب ڈالر کی فراہمی،شراکت داری فریم ورک پر کام شروع
-
پاکستان میں 10 کروڑ تک افراد غربت میں زندگی گزار رہے ہیں جس کی وجہ موجودہ معاشی نظام ہے
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.