Live Updates

جھوٹے اور گمراہ کن اشتہارات،کنگڈم ویلی پر 15کروڑ روپے جرمانہ عائد

کنگڈم ویلی کونیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام، نیا پاکستان ہاؤسنگ ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے وابستہ اور این او سی شدہ ظاہر کیاگیا

بدھ 28 مئی 2025 22:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2025ء)کمپیٹیشن (مسابقتی)کمیشن آف پاکستان نے کنگڈم ویلی پرائیویٹ لمیٹڈ پر اس کے ہاؤسنگ منصوبے سے متعلق گمراہ کن اشتہارات دینے پر 15کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کردیا۔سی سی پی کے مطابق کمپٹیشن کمیشن کے مشاہدہ میں آیا تھا کہ صارفین کو گمراہ کرنے کیلئے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی نے اشتہارات میں حکومت سے منظور شدہ اور نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں رجسٹرڈ ہونے کا غلط دعویٰ کیا۔

کمیشن کے ازخود نوٹس کے تحت کی گئی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ کمپنی نے اپنے رہائشی منصوبے کو کنگڈم ویلی اسلام آباد کے طور پر مشتہر کیا حالانکہ یہ منصوبہ درحقیقت موضع چھورہ، تحصیل و ضلع راولپنڈی میں واقع ہے۔مزید تحقیقات کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ کنگڈم ویلی نے اپنے منصوبے کو غلط طور پر نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام اور نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے وابستہ ظاہر کر کے صارفین کو گمراہ کیا، اس کے علاوہ، کمپنی نے اپنے منصوبے کو "این او سی منظور شدہ قرار دیا جبکہ مشروط منظوری کی شرائط کی وضاحت نہیں کی گئی ۔

(جاری ہے)

کیس کا جائزہ لینے کے بعد کمیشن کے ممبران سعید احمد نواز اور عبدالرشید شیخ پر مشتمل بینچ نے قرار دیاکہ کمپنی نے مسابقتی ایکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے صارفین کو جھوٹی یا گمراہ کن معلومات کی فراہم کیں اور انہیں گمراہ کیا۔ کمپٹیشن کے قانون کی اس خلاف ورزی مجموعی طور پر 15کروڑ روپے جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔کمیشن نے نوٹ کیا کہ کنگڈم ویلی پرائیویٹ لمٹیڈ نے کمپنی نے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں کئی سال سے مالیاتی حسابات، گوشوارے جمع نہیں کروائے جو اس کی شفافیت اور مالیاتی گورننس پر سنگین سوالات اٹھاتے ہیں۔

صارفین کے مفادات کے تحفظ اور خصوصا رئیل سٹیٹ اور ہاؤسنگ سیکٹر میں درست فیصلے کرنے میں مدد دینے کے لیے ضروری ہے کہ کمپنیاں اپنی مارکیٹنگ اور اشتہارات میں درست اور سچائی پر مبنی معلومات فراہم کریں، کمپٹیشن کمیشن کی عوام سے اپیل ہے کہ گمراہ کن اشتہارات یا مارکیٹ میں مسابقت مخالف سرگرمیوں جیسے کی قیمتوں کو گٹھ جوڑ بنا کو فکس کرنا اور کارٹل کی شکایات اور اطلاع کمپی ٹیشن کمیشن کے واٹس ایپ پر دیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات