ڈونلڈٹرمپ کے مشیر ایلون مسک نے ٹرمپ انتظامیہ کو خیرباد کہہ دیا

وائٹ ہاﺅس کے اہلکار نے بھی ایلون مسک کے ٹرمپ انتظامیہ چھوڑنے کی تصدیق کر دی،ٹیکس بل پر اختلافات کے باعث ایلون مسک نے ٹرمپ انتظامیہ سے استعفیٰ دیا،ایلون مسک نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بتائے بغیر عہدہ چھوڑا ہے

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 29 مئی 2025 11:00

ڈونلڈٹرمپ کے مشیر ایلون مسک نے ٹرمپ انتظامیہ کو خیرباد کہہ دیا
 واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29 مئی 2025)امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کے مشیر ایلون مسک نے ٹرمپ انتظامیہ کو خیرباد کہہ دیا، ٹیکس بل پر اختلافات کے باعث ایلون مسک نے ٹرمپ انتظامیہ سے استعفیٰ دیدیا، وائٹ ہاﺅس کے اہلکار نے بھی ایلون مسک کے ٹرمپ انتظامیہ چھوڑنے کی تصدیق کر دی ہے، میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی میڈیا کے مطابق ایلون مسک نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بتائے بغیر عہدہ چھوڑا ہے ۔

ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹو ایلون مسک نے طے کیا تھا کہ وہ حکومت کے خصوصی ملازم کے طورپر 130 روز کام کریں گے۔ یہ مدت 30 مئی کو مکمل ہونا تھی تاہم ٹرمپ انتظامیہ سے مایوسی کا شکار مسک نے 2 روزپہلے ہی وائٹ ہاوس کو خیرباد کہہ دیا۔خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی وفاقی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر کٹوتیوں کی کوششوں کی وجہ سے مسک شدید تنقید کی زد میں تھے۔

(جاری ہے)

الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی امریکی کمپنی ٹیسلا، سوشل میڈیا سائٹ ایکس جیسی کمپنیوں کے مالک اور امریکا کے محکمہ برائے حکومتی کارکردگی کے سربراہ ایلون مسک کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ حکومت کے خصوصی ملازم کی حیثیت سے میرا وقت ختم ہو گیا۔ صدر ٹرمپ کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اضافی اخراجات کم کرنے کا موقع دیا۔ایلون مسک نے ایک ہی روز پہلے صدر ٹرمپ کے ٹیکس بل پر عدم اطیمنان کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ بل یا تو بڑا ہوسکتا ہے یا خوبصورت مگر وہ نہیں جانتے کہ ایسا بل دونوں خصوصیات کا حامل کیسے ہو سکتا ہے؟۔

ایلون مسک نے واضح کیا تھا کہ بل میں شامل بعض امور سے وہ خوش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشنسی مشن وقت کے ساتھ مضبوط ہوتا جائے گا۔ایلون مسک کامزید یہ بھی کہنا تھا کہ یہ بل بہت زیادہ اخراجات سے متعلق ہے جس سے وفاقی خسارہ بڑھے۔ اس لئے یہ بل ان کے محکمے DOGE کے اقدامات کو نیچا دکھانے کے مترادف ہے۔حکومتی استعداد کار سے متعلق محکمہ کا چارج سنبھالنے کے بعد ایلون مسک نے تسلیم کیا تھاکہ وفاقی بیورو کریسی کی حالت اس سے کہیں زیادہ خراب ہے جتنا انہوں نے تصور کیا تھا۔

ٹرمپ انتظامیہ قانون سازی کر رہی ہے جس میں ٹیکس کٹوتیاں اور امیگریشن سے متعلق قوانین کو سخت بنایا جانا شامل ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ اور ڈوج 23 لاکھ وفاقی ملازمین میں سے 2 لاکھ 60 ہزار یعنی 12 فیصد کم کرچکا ہے۔