Live Updates

بھارت میں رافیل تباہ ،طیارے کی 20 سالہ سروس کے دوران پہلی بار کسی جنگی مشن میں نقصان ہوگا،ترجمان فرانسیسی فوج

جمعرات 29 مئی 2025 16:47

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2025ء)پاک-بھارت جنگ میں فرانس کے جدید لڑاکا رافیل طیاروں کی تباہی پر فرانسیسی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ اگر یہ اطلاعات درست ثابت ہوتی ہیں تو یہ رافیل طیارے کی 20 سالہ سروس کے دوران پہلی بار کسی جنگی مشن میں نقصان ہوگا۔چینی اخبار گلوبل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق چند میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ حالیہ پاک-بھارت تنازع میں فرانسیسی ساختہ رافیل لڑاکا طیارے مار گرائے گئے، جس پر وسیع پیمانے پر بحث شروع ہوگئی ہے۔

فیونکس ٹی وی کے مطابق فرانسیسی مسلح افواج کے ترجمان نے پریس بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر یہ اطلاعات درست ثابت ہوتی ہیں تو یہ رافیل طیارے کی 20 سالہ سروس کے دوران پہلی بار کسی جنگی مشن میں نقصان ہوگا، یہ اس معاملے پر فرانسیسی فوج کی طرف سے پہلا باضابطہ ردعمل بھی سامنے آیا ہے۔

(جاری ہے)

فیونکس ٹی وی کی خبر میں شامل ویڈیو کلپ میں فرانسیسی وزارتِ مسلح افواج کے ترجمان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس واقعے کی تفصیلات تاحال غیر یقینی ہیں اور کئی معلومات کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

انہوں نے کہا کہ رافیل کی کارکردگی کے حوالے سے فرانس صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے اور بھارت کے ساتھ براہ راست معلومات کے تبادلے کے لیے سرگرم رابطے میں ہے۔ترجمان فرانسیسی فوج نے کہا کہ کچھ رپورٹس کے مطابق اس تصادم میں سیکڑوں فوجی طیارے شامل تھے، فرانسیسی حکام اس ہائی انٹینسٹی لڑائی کے تجربے سے زیادہ سے زیادہ سبق حاصل کرنا چاہتے ہیں،اگر رافیل کے مار گرائے جانے کی رپورٹس درست ثابت ہوتی ہیں تو یہ واقعی اس کے دو دہائیوں پر محیط آپریشنل کیریئر میں پہلا نقصان ہوگا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات