Live Updates

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (کے پی ازمک) کے ہیڈ آفس کا دورہ

جمعرات 29 مئی 2025 17:35

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2025ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (کے پی ازمک) کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔وزیر اعلی ہائوس پشاور حکام کی جانب سے جاری شدہ تفصیلات کے مطابق وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے اس موقع پر کے پی ازمک کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی ۔

اس موقع پر متعلقہ صوبائی کابینہ اراکین، محکمہ صنعت کے اعلیٰ حکام اور دیگر متعلقہ افراد نے تقریب میں شرکت کی ۔وزیر اعلیٰ نے نو قائم شدہ کے پی ازمک ٹاور کا باضابطہ افتتاح کیا۔ منصوبہ 67 کروڑ روپے کی لاگت سے تین سال کے عرصے میں مکمل کیا گیا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خیبر پختونخوا کا جغرافیائی محل وقوع اور قدرتی وسائل انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبے کے پوٹینشیلز کو مؤثر انداز میں بروئے کار لاکر ہم معاشی طور پر اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت تمام شعبوں کے پوٹینشیلز کو مؤثر طریقے سے استعمال میں لانے کے لئے شروع دن سے کام کر رہی ہے، صوبے میں 11 اکنامک زونز قائم کئے گئے ہیں، چار پر کام جاری ہے جبکہ چار مزید بھی قائم کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سرمایہ کاروں کو تمام درکار سہولیات اور مراعات فراہم کر رہی ہے،صوبے میں پن بجلی پیدا کرنے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، ہم اپنی بجلی کی پیداوار سستی نرخوں پر مقامی صنعتوں کو فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے صوبائی حکومت نے اپنی ٹرانسمیشن لائن بچھانے کا منصوبہ شروع کیا ہے،اس ٹرانسمیشن لائن کے بہتر استعمال کے لئے کاٹلنگ میں نیا اکنامک زون قائم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک گیم چینجر منصوبہ ہے جس سے صوبے کے صنعتی شعبے میں انقلاب آئے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں نجی سرمایہ کاری کے لئے ماحول انتہائی سازگار ہے،ملک بھر کے سرمایہ کاروں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ صوبے میں سرمایہ کاری کریں، سرمایہ کار صوبائی حکومت کی سہولیات اور مراعات سے فائدہ اٹھائیں۔انہوں نے کہا کہ ہم روڈ شوز منعقد کرکے صوبے میں سرمایہ کاری کے مواقع سے متعلق سرمایہ کاروں کو آگاہ کریں گے،ہم ہر علاقے کے مخصوص پوٹنٹشیلز کے مطابق وہاں پر صنعتوں کو فروغ دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سے ان علاقوں میں خوشحالی آئے گی اور لوگوں کو مقامی سطح پر روزگار کے مواقع ملیں گے، ویلیو ایڈیشن اور کیپسٹی بلڈنگ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو سرمایہ کار صوبے ہی میں مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن کریں گے انہیں خصوصی مراعات دی جائیں گی، صوبے کے لوگ بہت محنتی ہیں لیکن فنی تربیت نہ ہونے کی وجہ سے مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے لوگوں کو فنی تربیت فراہم کرنے کے لئے دو بڑے پروگرام شروع کئے ہیں، خیبرپختونخوا اکنامک کوریڈور کے منصوبے پر پیشرفت جاری ہے،یہ وسط ایشیائی مارکیٹ تک رسائی کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم بانی چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے کی مالی خود کفالت کی جانب گامزن ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات