ہماچل پردیش میں فوجی بس پرحملہ اورہلاکتیں ، مودی سرکارنے حقائق چھپا دئیے

جمعرات 29 مئی 2025 22:25

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مئی2025ء) ہماچل پردیش میں فوجی بس پر حملہ اور ہلاکتیں، مودی سرکار نے حقائق چھپا دئیے۔ ذرائع کے مطابق ہماچل پردیش میں فوجی بس پر حملہ 26 مئی کو ہوا۔ بھارتی فوج نے ہلاکتوں کو چھپانے کا پرانا حربہ ایک بار پھر استعمال کیا۔ کمار ہٹی ریلوے اسٹیشن کے قریب حملے میں کئی بھارتی فوجی مارے گئے تاہم حسب روایت مودی سرکار نے گودی میڈیا کو فوجی ہلاکتوں کی خبر نشر کرنے سے روک دیا ۔

ٹائمز آف انڈیا نے مودی کے حکم پر ویب سائٹ پر نشر ہونے والی خبر بھی ہٹا دی، ذرائع کے مطابق یہ خبر صرف ایک بھارتی چینل پر نشر ہوئی جو کچھ دیر بعد ہٹا دی گئی۔ بھارتی فوج کے جوان بطور ہتھیار استعمال ہورہے ہیں ،مرنے کے بعد نام تک نہیں لیا جاتا۔ ہماچل واقعہ پر مودی سرکار کی خاموشی سے ثابت ہوتا ہے کہ مودی سرکار حقائق چھپانے کی ماہر ہے۔

(جاری ہے)

آپریشن سندور کے دوران گودی میڈیا نے کراچی بندر گاہ کی تباہی کی جھوٹی خبریں بھی چلا دی تھیں۔ ذرائع کے مطابق فیکٹ چیک کے بعد جب اس خبر کی تردید کی گئی تو تمام گودی میڈیا چینلز سے اس خبر کو ہٹا دیا گیا۔ معرکہ حق میں شکست کے بعد بھارتی فوج نے اپنے ہی میزائل کو دشمن کا کہہ کرایکس اکاؤنٹ پر شیئر کردیا۔ جھوٹ پکڑے جانے پر بھارتی فوج نے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے اس وڈیو کو بھی ڈیلیٹ کر دیا۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق این ڈی ٹی وی نے رپورٹ کیا کہ پاکستانی ٹینک راجستھان کی طرف بڑھ رہے ہیں بعد میں اس خبر کو ہٹا دیا ۔ بھارتی میڈیا بالخصوص ٹائمز ناؤ، ریپبلک ورلڈ، نیوز نائن اور انڈیا ٹی وی نیوز نے جھوٹی رپورٹنگ کی۔ ان چینلز نے ایک پاکستانی پائلٹ کو گرفتار کرنے کی خبر چلائی جو جھوٹ نکلی، الجزیرہ کے مطابق انڈیا ٹو ڈے اور دکن کرانیکلز نے جے ایف 17 اور ایف 16 مار گرائے جانے کی جھوٹی خبریں چلائیں۔ متعدد بھارتی نیوز چینلز نے جھوٹی خبریں شائع کرنے پر معافی بھی مانگی، دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ مودی سرکار، بھارتی میڈیا کو محض اپنے مذموم مقاصد کیلئے استعمال کرتی ہے۔ میڈیا پر کنٹرول اور سچ کا گلا دبانا بھارتی دفاعی پالیسی کی ناکامی کا اعتراف ہے۔