راولپنڈی میں سنگین ٹریفک خلاف ورزیوں پر مقدمات کے اندراج کا فیصلہ

جمعرات 29 مئی 2025 19:40

راولپنڈی میں سنگین ٹریفک خلاف ورزیوں پر مقدمات کے اندراج کا فیصلہ
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2025ء) سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے سنگین ٹریفک خلاف ورزیوں پر مقدمات کے اندراج کا فیصلہ کیا ہے ۔ٹریفک پولیس ترجمان کے مطابق راولپنڈی میں اب ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر اب صرف چالان پر اکتفا نہیں کیا جائے گا بلکہ ایف آئی آرز کا اندراج کیا جائے گا، ان خلاف ورزیوں میں ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی، ون وے کی خلاف ورزی، اوورلوڈنگ، تجاوزات اور کم عمر ڈرائیونگ شامل ہیں ۔

اس موقع پر سی ٹی او راولپنڈی بینش فاطمہ نے کہا کہ کہ کم عمر ڈرائیونگ کی صورت میں بچوں کے والدین کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی کیونکہ کم ڈرائیورز سڑکوں پر نہ صرف ٹریفک کے بہاؤ کو متاثر کرتے ہیں بلکہ اکثر و بیشتر بڑے حادثات کا باعث بھی بنتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہماری اولین ترجیح شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہے ، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی دراصل معاشرتی نظم و ضبط کے خلاف بغاوت ہے اور ہم کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کم عمر بچوں کو گاڑی یا موٹر سائیکل چلانے دینا والدین کی سنگین غفلت ہے جس کا خمیازہ پورا معاشرہ بھگتتا ہے، اب ایسے والدین کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔ سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں اور ’’محفوظ پنجاب‘‘ مشن کا حصہ بنیں۔ قانون کی پاسداری ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،اس اقدام کا مقصد صرف سزا دینا نہیں بلکہ ٹریفک قوانین کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور ایک محفوظ ٹریفک ماحول تشکیل دینا ہے جہاں ہر شہری بلا خوف سفر کر سکے۔

سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی شہریوں کے لئے آگاہی مہمات بھی جاری رکھے گی تاکہ انہیں ان قوانین کی وجوہات اور فوائد سے بخوبی آگاہ کیا جا سکے۔ سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی ایک محفوظ، مہذب اور قانون پسند معاشرہ بنانے کے لئے دن رات کوشاں ہے اور عوامی تعاون ہی ہماری اصل طاقت ہے۔

متعلقہ عنوان :