دنیا کی 40 فیصد آبادی رہن سہن کے کم از کم معیار سے محروم، یو این

یو این جمعہ 30 مئی 2025 02:15

دنیا کی 40 فیصد آبادی رہن سہن کے کم از کم معیار سے محروم، یو این

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 30 مئی 2025ء) اقوام متحدہ کے ادارہ شہری ترقی (یو این ہیبیٹٹ) کا اندازہ ہے کہ دنیا بھر میں 2.8 ارب یا 40 فیصد لوگوں کو مناسب رہائش، محفوظ زمین اور پانی و صحت و صفائی کی بنیادی خدمات تک رسائی نہیں ہے۔

ان میں 1.12 ارب لوگ کچی بستیوں میں رہتے ہیں جبکہ 30 کروڑ لوگ بے گھر ہیں جنہیں سر چھپانے کے لیے کوئی مستحکم پناہ میسر نہیں۔

افریقہ اور ایشیائی الکاہل خطے جیسے علاقوں میں یہ بحران کہیں زیادہ شدید ہے جہاں بڑی تعداد میں لوگ شہروں کی جانب نقل مکانی کر رہے ہیں۔

Tweet URL

ادارے کا کہنا ہے کہ نئی رہائش گاہوں اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر شہروں کے پھیلنے کی رفتار کا ساتھ نہیں دے پاتی، نتیجتاً غیررسمی اور غیرمناسب رہائش میں غیرمعمولی اضافہ ہو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

معیاری رہائش سے محرومی

براعظم افریقہ میں 62 فیصد شہری مساکن غیررسمی ہیں۔ ایشیائی الکاہل میں 50 کروڑ سے زیادہ لوگوں کو پانی کی بنیادی خدمات تک رسائی نہیں ہے اور ایک ارب سے زیادہ لوگ صحت و صفائی اور نکاسی آب کی مناسب سہولیات سے محروم ہیں۔

موسمیاتی تبدیلی میں شدت آنے کے ساتھ رسمی اور معیاری رہائش اور خدمات سے محروم لوگوں کے لیے شدید گرمی، موسمی شدت کے واقعات اور پانی کی قلت جیسے خطرات بھی بڑھتے جا رہے ہیں۔

ادارے کا کہنا ہے کہ پائیدار عالمی ترقی کے لیے رہائش کے بحران کا پائیدار حل نکالنا بہت ضروری ہے۔ معیاری رہائش بنیادی انسانی حق ہی نہیں بلکہ اس سے روزگار بھی تخلیق ہوتے ہیں، ممالک کی آمدنی بڑھتی ہے، زندگیوں کو تحفظ ملتا ہے اور بہتر صحت، تعلیم اور معاشی تحرک کی بنیاد پڑتی ہے۔

پائیدار شہرکاری و آبادکاری

اسی بحران کا حل نکالنے کے لیے آج دنیا بھر سے مندوبین نیروبی میں اقوام متحدہ کے ادارہ شہری ترقی کے دفتر میں اس کی اسمبلی کے دوسرے اجلاس میں جمع ہوئے۔

اس اجلاس کا مقصد گفت و شنید، تعاون اور پالیسی سازی کے ذریعے اس اہم اور باہم پیوست مسئلے کو حل کرنا ہے۔

ادارے کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر اینا کلاڈیا روزبیخ نے اجلاس سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسمبلی پائیدار شہرکاری اور انسانی آباد کاری پر معیاری بات چیت کا اعلیٰ ترین عالمی پلیٹ فارم ہے۔ یہ اجتماعی غوروفکر، نئے سیاسی عزم اور اس مستقبل کے لیے اتفاق رائے پیدا کرنے کا وقت ہے جو سبھی اپنے شہروں اور معاشروں کے لیے چاہتے ہیں۔

تزویراتی منصوبہ

اسمبلی میں ادارے کے تزویراتی منصوبہ 2026 تا 2029 کی منظوری بھی دی جائے گی۔ اس منصوبے میں مناسب رہائش، زمین اور بنیادی خدمات تک رسائی اور غیررسمی آبادیوں کو تبدیل کرنے جیسے امور و مسائل کو ترجیح دی جانا ہے۔

مںصوبے میں مشمولہ خوشحالی، تیاری، بحالی و تعمیرنو اور موسمیاتی استحکام کے ذریعے پائیدار ترقی کے اہداف کی جانب پیش رفت کو تیز کرنے کے اقدامات کا خاکہ پیش کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں اس میں مشترکہ مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے اقوام متحدہ کے دیگر اداروں کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔

اسمبلی 30 مئی تک جاری رہے گی جس کے اختتام پر تزویراتی منصوبے کے بارے میں ایک حتمی فیصلہ لیا جانا بھی متوقع ہے۔