Live Updates

ہمیں اپنے شہروں کی جدید تقاضوں کے مطابق منصوبہ بندی کرنی ہے،وفاقی وزیر پارلیمانی امور کا کامسیٹس یونیورسٹی میں کانفرنس سے خطاب

جمعہ 30 مئی 2025 13:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) وفاقی وزیر پارلیمانی امورڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ ہمارا خطہ عظیم تحریکوں کی میراث اور عمدہ ثقافتوں کا حامل ہے، ہمیں اپنے شہروں کی جدید تقاضوں کے مطابق منصوبہ بندی کرنی ہے،پائیدار ترقی اور منصوبہ بندی کےلئے معاشرے کے ہر طبقے کواپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ جمعہ کو یہاں کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد میں رفاہ انٹرنیشنل کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا انعقاد ایک اچھی کاوش ہے ،اس میں موجود تمام ماہرین کی آرا ہمارے لئے مستقبل کی منصوبہ بندی کرنے میں رہنمائی فراہم کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں شہری آبادی کا تناسب بڑھ رہا ہے ، اس کے علاوہ ہمیں ماحولیاتی تبدیلیوں ، آبادی میں تیزی سے اضافے ، عدم مساوات جیسے مسائل کا سامنا ہے جس کےلئے ہمیں پائیدار منصوبہ بندی کی ضرور ت ہے تاکہ ہم اپنے ثقافتی ورثے کا تحفظ کرسکیں۔

(جاری ہے)

ہمیں سمارٹ سٹیز کےلئے منصوبہ بندی کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تبدیلیوں جیسے مسائل سے نمٹنے کےلئے اقدامات کرنا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہڑپہ جیسے شہر ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ پائیدار منصوبہ بندی اور بہتری کا راستہ ہمارے پاس ہمیشہ سے موجود تھا ۔اس حوالے سے ماہرین کی تحقیق کا خیرمقدم کرتے ہیں ۔ان کے درمیان بامعنی مکالمہ اور اشتراک کار ہمارے لئے رہنمائی کا باعث بنے گااور یہ کانفرنس مستقبل کی منصوبہ بندی میں معاون ثابت ہوگی۔ انہوں نے طلباکو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ طلبا ملک کا مستقبل ہیں ۔

ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان کی حالیہ کامیابی سے دنیا نے ہمارا ایسا چہرہ دیکھا ہے کہ جس پرہر پاکستانی کو فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں پاکستانیوں نے بڑے بڑے نام کمائے ہیں ، میں یہاں پر صرف ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا ذکر کروں گا جنہوں نے اپنی بے مثال جدوجہد اور محنت سے ملک کو وہ عزت دی جس کی وجہ سے پاکستان ایک عظیم ملک کی حیثیت سے دنیا میں جانا پہچانا جاتا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات