Live Updates

بنیان مرصوص نے ایک بار پھر کشمیر کے مسئلہ کو عالمی سطح پر اجاگر کردیا،مقررین

مقبوضہ کشمیر میں ہندوتوا ایجنڈا اور فلسطین میںصہیونی ایجنڈا مسلمانوں کی آبادی کی ہیت بدلنے کے اقدامات ہیں بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کی ہیت کوبدلنے کیساتھ کشمیر کے وسائل ،ثقافت اور زمینوں پر قابض ہونا چاہتا ہے

جمعہ 30 مئی 2025 14:45

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2025ء)مقبوضہ کشمیر میں ہندوتوا ایجنڈا اور فلسطین میںصہیونی ایجنڈا مسلمانوں کی آبادی کی ہیت بدلنے کے اقدامات ہیں ۔ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں آبادی کی ہیت کوبدلنے کے ساتھ ساتھ کشمیر کے وسائل ،ثقافت اور زمینوں پر قابض ہونا چاہتا ہے ۔ بنیان مرصوص نے ایک بار پھر کشمیر کے مسئلہ کو عالمی سطح پر اجاگر کردیا۔

پاکستان سے رشتہ کمزور کر کے ہندوستان کو فائدہ دینے کا کوئی کشمیری سوچ بھی نہیں سکتا۔ ان خیالات کااظہار کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام ’’صہیونی ،ہندوتواق پالیسیاں ،علاقائی سلامتی اور انسانی حقوق کے لئے خطرہ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے سیکرٹری جنرل ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ ،ڈائریکٹر ورلڈ کشمیر فریڈم موومنٹ ڈاکٹر مزمل ایوب ٹھاکر،ڈائریکٹر کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ڈاکٹر راجہ محمد سجاد خان ،محترمہ مدیحہ شکیل ،عزیر احمد غزالی اور خواجہ ہارون الرشید نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

سیمینار میں میڈیا کوآرڈینیٹر جموں وکشمیرلبریشن سیل سردار علی شان ،محترمہ سائرہ چشتی ،ممبر ضلع کونسل ملک خرم جاوید اعوان ،ممبر حریت کانفرنس اشفاق احمد، عثمان علی ہاشم بھی موجودتھے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا ہے کہ ہندوستان نے 5اگست2019کے بعد یہ اعلان کیا تھا کہ جسے کشمیر میں رہنا ہے اسے رام رام کہنا ہے ۔آج کشمیر اور فلسطین میں جنگ تہذیبوں اور مذاہب کی جنگ بن چکی ہے ۔

مقررین نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا وکیل ہے ۔ دنیا میں واحد ملک پاکستان ہے جو کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کر رہا ہے ۔اگر پاکستان نہ ہوتا تو ہندوستان کب کا کشمیر کو ہضم کر چکا ہوتا۔ آج فلسطین کو دیکھ لیں وہاں کیا ہو رہا ہے۔ غزہ میں انسانیت کا قتل عام کیا جا رہا ہے ۔لیکن دنیا کا کوئی ملک غزہ کے مظلوموں کا کھل کر ساتھ نہیں دے رہا۔

بھارت کے ہندوتوا ایجنڈے سے پورے ریجن کے امن کو خطرہ لاحق ہے ۔ بھارت کے توسیع پسندانہ اور انتہا پسندا یجنڈے سے جنوبی اشیاء سمیت عرب تک کی تہذیبوں کو خطرات لاحق ہیں۔ بھارت کی اسمبلی میں اکھنڈ بھارت کا جو نیا نقشہ آویزاں کیا گیا ہے اس سے ہندوستان میں موجود انتہا پسندانہ سوچ کی عکاسی ہوتی ہے ۔ مقررین نے کہا کہ اس وقت مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کو شدید مصائب کا سامنا ہے ہم نے ان کی آواز بننا ہے اور ان کی قید کی گئی صدا کو دنیا تک پہنچانا ہے ۔

بیس کیمپ کے قیام کے کچھ مقاصد ہیں ہم نے ان مقاصد کو پورا کرنا ہے ۔ ہم نے سوچنا ہے کہ ہماری ذمہ داریاں کیا ہیں ۔موجودہ حالات میں جب دشمن کشمیریوں کے اندر تقسیم اور تفریق پیدا کرنا چاہتاہے ہم نے دشمن کے ان عزائم کو ناکام بنانا ہے اور ریاست جموںوکشمیر کے اندر یکجہتی اور اتحاد کی فضاء کو متاثر نہیں ہونے دینا۔ اگر دشمن کشمیریوں کے اندر نفاق پیدا کرنے میں کامیاب ہوجاتا ہے تو یہ ہماری ناکامی ہو گی ۔

مقررین کا مزید کہنا تھا کہ حالات جو بھی ہوں ہم نے جدوجہد آزادی کو جاری رکھنا ہے اور تحریک آزادی کشمیر کو کامیابی سے ہمکنار کرنا ہے مقبوضہ کشمیر کے اندر ساری حریت قیادت گرفتار ہے ۔ تحریر وتقریر پر پابندی عائد ہے میڈیا اور سوشل میڈیا پر قدغن ہے کشمیریوں کی آواز کو ریاستی جبر کے زور پر دبا لیا گیا ہے ۔ ہندوستان یہ نہیں دیکھتا کہ کشمیر کس فکرونظر سے تعلق رکھتا ہے اس کے نزیک ہر کشمیری دشمن ہے اور منظم منصوبہ بندی کے تحت کشمیریوں کی نسل کشی پر عمل پیرا ہے اور1947میں جموں میں تاریخ کی بدترین انسانی نسل کشی کے بعد وہ اب مقبوضہ وادی میں مختلف ذرائع سے اسی نسل کشی کے ماڈل کو عملی جامعہ پہنا رہا ہے ۔

اگر اہل کشمیر نے اتحاد ویگانگت اور یکجہتی کے ساتھ اپنی تحریک کو جاری رکھا تو کامیابی ان کا مقدر ہے اور دنیا کی کوئی طاقت انہیں آزادی سے نہیں روک سکتی ۔معرکہ حق میں افواج پاکستان نے نہ صرف ہندوستان کا طاقت کا غرور خاک میں ملایا بلکہ اس کو ایسی شکست دی جس کے زخم وہ ہمیشہ چاٹتا رہے گا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات