گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کےدورہ

جمعہ 30 مئی 2025 17:05

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ سیلاب کی صورتحال میں فوری امداد کے حوالہ سے ایک ون ونڈو شروع کیا جائے جس میں غیر سرکاری تنظیمیں بھی شامل ہوں۔ گورنر آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے دورے کے دوران کیا، جہاں انہیں ملک میں درپیش ممکنہ سیلابی صورتحال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹینٹ جنرل انعام حیدر ملک کی موجودگی میں متعدد شعبہ جات کے سربراہان نے گورنر کو دریائے سندھ، دریائے کابل، دریائے کرم، دریائے کنہار اور دریائے سوات میں پانی کی صورتحال اور ممکنہ سیلابی خطرات پر آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

بریفنگ میں بتایا گیا کہ آنے والے دنوں میں ڈیرہ اسماعیل خان اور اس سے ملحقہ علاقوں میں شدید سیلاب کے باعث وسیع پیمانے پر نقصانات کا خدشہ ہے۔

اس سلسلے میں پیشگی اقدامات کے حوالے سے بھی گورنر کو آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اب واضح طور پر نظر آ رہے ہیں اور غیر معمولی موسم کی وجہ سے مسائل اور مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر بروقت اور مؤثر اقدامات اٹھانا نہایت ضروری ہے تاکہ جانی و مالی نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔

گورنر نے این ڈی ایم اے کی تیاریوں اور پیشگی حکمت عملی کو سراہا اور کہا کہ گورنر ہائوس اس حوالہ سے مکمل تعاون فراہم کرے گا تاکہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بہتر طور پر نمٹا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کی صورتحال میں فوری امداد کے حوالہ سے ایک ون ونڈو شروع کیا جائے جس میں غیر سرکاری تنظیمیں بھی شامل ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ این ڈے ایم اے کے سروے کی روشنی میں کنگ سلمان ریلیف فائونڈیشن متاثرین ڈیرہ اسماعیل خان کے سیلاب کے لئے گھر فراہم کرنا چاہتی ہے مگر انہیں مناسب جگہ کی فراہمی کو این ڈی ایم اے اپنی سرپرستی میں یقینی بنائے۔